روبوٹس کی کھیلوں میں نئی پیش رفت: ٹوکیو میں خودکار پنگ پونگ مشین کی کامیابی
ٹوکیو: ہاف میراتھن اور باکسنگ کے بعد اب روبوٹس نے ٹیبل ٹینس کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے شہر ٹوکیو میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ’ایس‘ نامی خودکار پنگ پونگ روبوٹ نے ماہر انسانی کھلاڑیوں کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی اور بعض میچز میں کامیابی حاصل کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی مستقبل میں جدید روبوٹک نظاموں کے مختلف عملی شعبوں میں استعمال کے امکانات کو مزید وسعت دے سکتی ہے۔
’ایس‘ روبوٹ کو جاپانی کمپنی سونی کے اے آئی ریسرچ ڈویژن نے تیار کیا ہے، اور اسے پہلا ایسا روبوٹ قرار دیا جا رہا ہے جو کسی مسابقتی جسمانی کھیل میں پیشہ ورانہ سطح کی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا۔ روبوٹ نے پانچ میں سے تین مقابلوں میں اعلیٰ انسانی کھلاڑیوں کو شکست دی۔
منصوبے کے سربراہ کے مطابق اس کامیابی کے پیچھے تیز رفتار ادراک، مصنوعی ذہانت پر مبنی کنٹرول سسٹم اور جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے۔
سونی اے آئی زیورخ کے ڈائریکٹر پیٹر ڈور کا کہنا ہے کہ جہاں کمپیوٹر گیمز میں مصنوعی ذہانت پہلے ہی انسانوں پر سبقت لے چکی ہے، وہیں حقیقی وقت میں کھیلے جانے والے جسمانی کھیل، جیسے ٹیبل ٹینس، اب بھی ایک بڑا چیلنج ہیں کیونکہ ان میں انتہائی تیز اور درست ردعمل درکار ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ یہ جانچنا بھی ہے کہ روبوٹس کس طرح متحرک ماحول میں انسانی سطح کی رفتار اور درستگی کے ساتھ مشاہدہ، منصوبہ بندی اور عمل انجام دے سکتے ہیں۔
THE PUBLIC POST