کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں جب کہ 500 جدید بسیں بھی جلد شہر کی سڑکوں پر ہوں گی۔
اپنے بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی، خوشحالی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز پانی کی فراہمی، نکاسیٔ آب، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر عوامی سہولیات کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نعروں کی نہیں بلکہ عملی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔ کراچی کے عوام کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری اور عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی سب سے بڑی ضرورت جدید، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات ہیں اور سندھ حکومت کو اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی سفری ضروریات پوری کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے ۔ جلد ہی 500 جدید الیکٹرک بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی، جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا سندھ حکومت کی معاشی حکمت عملی کا اہم ستون ہے ۔ بجٹ میں نوجوانوں کے روشن مستقبل کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز، ترقیاتی منصوبوں، ٹرانسپورٹ اسکیموں اور بڑے انفرا اسٹرکچر منصوبوں کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز ہمیشہ عام آدمی، محنت کش، مزدور، کسان، نوجوان اور متوسط طبقہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے وسائل عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، روزگار، تعلیم، صحت اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی پر خرچ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر سیاسی مقاصد کے لیے کراچی اور سندھ کا منفی تاثر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم عوام ترقیاتی منصوبوں، بہتر ٹرانسپورٹ، جاری تعمیراتی کاموں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ سندھ حکومت مشکلات کے باوجود دستیاب وسائل عوام کی فلاح پر خرچ کر رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ محض اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ روشن مستقبل، بہتر روزگار اور ایک خوشحال سندھ کی جانب عملی پیش رفت کا بجٹ ہے۔
THE PUBLIC POST