پاکستان کی ڈومیسٹک فضائی مارکیٹ میں فلائی جناح پہلے نمبر پر آگئی

لاہور: پاکستان میں اندرون ملک مسافروں کی آمدورفت کے شعبے میں فلائی جناح نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
سی اے اے کے 2024-25 کے اعدادوشمار کے مطابق اندرون ملک سب سے زیادہ مسافروں کو لانے اور لے جانے میں فلائی جناح پہلے نمبر پر آگئی، پی آئی اے دوسرے اور ایئر بلیو تیسرے نمبر پر رہی۔

فلائی جناح نے اندرون ملک 19 لاکھ 67 ہزار مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا، پی آئی اے کے ذریعے 18 لاکھ 51 ہزار جبکہ ایئر بلیو کے ذریعے 10 لاکھ 4 ہزار مسافروں نے سفر کیا۔ ایئر سیال کے ذریعے 8 لاکھ 13 ہزار مسافروں نے اندرون ملک سفر کیا۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اس وقت 37 ایئرلائنز فضائی خدمات فراہم کر رہی ہیں جن میں 5 ملکی اور 32 غیر ملکی ایئرلائنز شامل ہیں۔ ملکی ایئرلائنز میں فلائی جناح، پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور ساؤتھ ایئر شامل ہیں جبکہ سرین ایئر اکتوبر 2025 سے بند ہے۔

دوسری جانب پاکستان سے بین الاقوامی فضائی سفر میں امارات ایئرلائنز کا حصہ سب سے زیادہ ہے جو پاکستان سے ہفتہ وار 39 پروازیں چلاتی ہے۔ سعودی ایئرلائنز 30 اور اتحاد ایئرلائنز 23 ہفتہ وار پروازوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔

دستیاب اعدادوشمار کے مطابق امارات ایئرلائنز کراچی سے روزانہ 7 پروازیں چلاتی ہے جبکہ قطر ایئرویز پاکستان سے ہفتہ وار 28 پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔

پاکستان کی بین الاقوامی فضائی سفری مارکیٹ میں سالانہ ڈیڑھ سے ایک کروڑ 60 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں جس میں امارات ایئرلائنز کا حصہ 18 سے 20 فیصد بتایا گیا ہے۔

اندازوں کے مطابق امارات پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی ٹکٹیں فروخت کرتی ہے جبکہ کارگو سے حاصل ہونے والی آمدن اس کے علاوہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق قطر ایئرویز کی پاکستان سے سالانہ آمدن کا تخمینہ 80 سے 90 کروڑ ڈالر جبکہ سعودی ایئرلائنز کی آمدن 70 سے 75 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔

پاکستان سے بین الاقوامی فضائی ٹکٹوں کی آمدن کا تقریباً دو تہائی حصہ غیر ملکی ایئرلائنز حاصل کر رہی ہیں جس کے باعث ملک کی فضائی سفری مارکیٹ میں ملکی ایئرلائنز کا حصہ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاکستان کو اپنی ملکی ایئرلائنز کو مضبوط بنانا ہوگا بصورت دیگر بین الاقوامی فضائی سفر سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ بیرون ملک منتقل ہوتا رہے گا۔

Check Also

سونے کی اونچی چھلانگ؛عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں بڑا ضافہ

کراچی: سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں آج اچانک بڑا اضافہ ہوگیا۔بین …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *