تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر مولانا نذر الرحمان انتقال کر گئے

تبلیغی جماعت پاکستان کے چوتھے امیر مولانا نذر الرحمان 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

تبلیغی جماعت پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مرحوم کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ان کی تدفین آج رات رائے ونڈ میں ہو گی۔

ملکی سیاسی و مذہبی اعلیٰ شخصیات نے مرحوم کی رحلت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امیر تبلیغی جماعت پاکستان مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت کے اکابرین کے ساتھ دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مولانا نذر الرحمان کی دین اسلام کی تبلیغ کے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دین اسلام کی تبلیغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے بھی امیر تبلیغی جماعت پاکستان مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا نذر الرحمان کی دینی و دعوتی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔

مولانا حاجی نذر الرحمان کون تھے؟
مولانا حاجی نذر الرحمان پاکستان کی تبلیغی جماعت کے امیر تھے جن کا تعلق ضلع راولپنڈی کے علاقے بلوال سے بتایا جاتا ہے۔ ان کی پیدائش یکم اکتوبر 1929ء کو ہوئی۔انہوں نے ابتدائی دینی تعلیم راولپنڈی کے مختلف مدارس سے حاصل کی۔

1949ء اور 1950ء کے دوران مدرسہ خادم علوم نبوت، کٹھیالہ شیخاں، گجرات سے دورۂ حدیث مکمل کیا۔ وہ پاکستان میں تبلیغی جماعت کے ابتدائی کارکنوں میں شمار ہوتے تھے۔

مرحوم نے مولانا حاجی عبدالوہاب کے ساتھ طویل عرصے تک تبلیغی سرگرمیوں میں کام کیا۔ان کی وفات کے بعد نومبر 2018ء میں انہیں تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کیا گیا۔

امیر بننے سے قبل وہ تبلیغی جماعت کے نائب امیر کی ذمہ داریاں بھی ادا کر چکے تھے۔ 2026ء میں انہیں دنیا کی 500بااثر مسلم شخصیات میں شامل کیا گیا تھا۔

Check Also

پاک چین اقتصادی دوستی؛ ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے تجارت و سرمایہ کاری میں وسعت

پاک چین اقتصادی دوستی کے فروغ میں ایس آئی ایف سی کی مؤثر کاوشیں جاری …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *