کاٹھور کے قریب ایم 9 موٹروے پر خوفناک تصادم،جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی

کاٹھور کے قریب ایم 9 موٹروے پر پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا۔ انصاری پل کے قریب ایک تیز رفتار مسافر بس مبینہ طور پر رانگ وے سے مرکزی شاہراہ پر آگئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ بس اور ٹینکر کے علاوہ قریب سے گزرنے والی متعدد گاڑیاں بھی اس کی زد میں آگئیں اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں ابتدائی طور پر 13 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں زخمیوں میں شامل تین سالہ بچہ عمران دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی جبکہ 5 زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جس کے باعث غم کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ بس رانگ وے پر کیسے آئی اور حادثے کے اصل محرکات کیا تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔ شہریوں نے اس المناک سانحے کے بعد موٹرویز پر ٹریفک قوانین کی سختی سے عملدرآمد اور نگرانی کے مؤثر نظام کا مطالبہ کیا ہے۔

Check Also

ویلنٹائن ڈے پر مرتضیٰ وہاب نےحافظ نعیم الرحمان کیلئے گلدستہ بھیجوا دیا

ویلنٹائن ڈے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *