وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس، متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، خصوصی معاونین، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی ایجنڈے اور کابینہ کمیٹی آن فنانس کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کابینہ نے ملیر تا گھگھر پھاٹک 30.5 کلومیٹر طویل ڈوئل کیرج وے کی مرمت و تزئین کے لیے 2.55 ارب روپے کی سفارش منظور کی۔

سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لیے 888.244 ملین روپے جبکہ مختلف سڑکوں کی توسیع و مرمت کے لیے 1,966.401 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ تلہار تا ٹنڈو باگو اور نوشہرو فیروز روڈ سے مہران ہائی وے لنک روڈ منصوبے بھی شامل ہیں۔

سینٹ پیٹرک اسکول کراچی میں جدید کثیرالمقاصد اسٹیڈیم کے لیے 10 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔ تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (این ای ڈی کیمپس) فیز ٹو کے لیے 6.63 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

سرکاری اداروں کو سابقہ برسوں کی طلبہ فیس واپسی کے لیے 3.4 ارب روپے کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ رعایت صرف مستحق طلبہ کو دی جائے اور شفاف نظام بنایا جائے۔

ایس ڈی جیز کے تحت 98 اسکیموں کی منظوری دی گئی، جس کے لیے 4.33 ارب روپے مختص کیے گئے۔ عورت فاؤنڈیشن کے لیے 5 کروڑ روپے گرانٹ بھی منظور کی گئی۔

سکھر اور روہڑی میں یونین کونسل جانو جی اور پیر اخلاص شاہ کے لیے آر او پلانٹس، اسٹریٹ لائٹس اور پیور بلاکس سمیت منصوبے منظور کیے گئے۔ ابتدائی طور پر 25 فیصد فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دریائے سندھ، نکاسی آب (SCARP، LBOD) اور چھوٹے ڈیمز پر تین بڑے مطالعات کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سیلابی امداد فنڈز میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور نیشنل ہائی وے میڈیکل کمپلیکس جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

کابینہ نے محکمہ اوقاف کے تحت مزارات کی ترقیاتی اسکیمیں منظور کیں۔ خیرپور کے درازہ شریف میں حضرت سچل سرمستؒ لائبریری کے قیام کے لیے 5 کروڑ 15 لاکھ روپے منظور کیے گئے۔

مٹیاری کے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ لطیف بھٹائیؒ کے مزار پر اندرونی سڑکوں کی بحالی اور 200 کے وی اے ٹرانسفارمر کی تنصیب کے لیے 3 کروڑ 36 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔

دونوں منصوبوں کے لیے 25 فیصد فنڈز فوری جاری کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

Check Also

آئی ایم ایف وفد کی آئندہ ماہ پاکستان آمد کا امکان، ایف بی آر کی کمزور کارکردگی بڑا چیلنج

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی آئندہ ماہ پاکستان آمد کا امکان ہے، …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *