رواں ماہ مہنگائی 7.5 فیصد سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، وزارت خزانہ

وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں ملکی معیشت سے متعلق اہم اشاریوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی کی شرح 7.5 فیصد سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دستاویز کے مطابق جولائی تا فروری ترسیلات زر کا مجموعی حجم 26.5 ارب ڈالر رہا، جبکہ اسی عرصے میں ملکی برآمدات میں 5.4 فیصد کمی دیکھنے میں آئی اور یہ 20.7 ارب ڈالر تک محدود رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ جائزہ مدت کے دوران درآمدات میں 8.8 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ان کا حجم 41.8 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

مزید برآں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر 70 کروڑ ڈالر رہ گیا، جبکہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 33 فیصد کمی کے بعد 1.19 ارب ڈالر تک محدود رہی۔ مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 70 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

محصولات کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آٹھ ماہ کے دوران ٹیکس ریونیو میں گزشتہ سال کے مقابلے 10.6 فیصد اضافہ ہوا، اور اس کا حجم 8 ہزار 122 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اسی طرح نان ٹیکس ریونیو میں 7.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 4 ہزار 41 ارب روپے رہا۔

وزارت خزانہ کے مطابق جولائی تا فروری مالی خسارہ 64.7 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جو مجموعی مالیاتی صورتحال میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

Check Also

کراچی: دودھ کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے اضافہ کردیا گیا

کراچی میں دودھ کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت فی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *