پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے فرنچائزز نے غیر ملکی اسٹار کھلاڑیوں کی شمولیت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگیوسن کو براہ راست معاہدے کے تحت اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔
35 سالہ فاسٹ بولر کے ساتھ 7 کروڑ 63 لاکھ روپے کا معاہدہ طے پایا ہے۔ لوکی فرگیوسن اپنی تیز رفتار گیندوں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے تجربے کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
فرگیوسن نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک ٹیسٹ، 65 ون ڈے اور 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، تینوں فارمیٹس میں ان کی وکٹوں کی مجموعی تعداد 176 ہے، وہ دنیا کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور 225 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 257 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
پی ایس ایل 12 میں دیگر فرنچائزز میں بھی بڑے ناموں کی شمولیت
دوسری جانب دیگر فرنچائزز نے بھی اپنے اسکواڈز مضبوط بنانے کے لیے نامور غیر ملکی کھلاڑیوں کو براہ راست معاہدوں کے ذریعے شامل کیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے، میٹ ہینری سے 7.07 کروڑ میں معاہدہ ہوا ہے۔ کراچی کنگز میں انگلینڈ کے لیگ اسپنر عادل رشید کی آمد ہوئی ہے انہیں 6 کروڑ 2 لاکھ میں سائن کیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سری لنکا کے آل راؤنڈر کمیندو مینڈس پی ایس ایل بارہ میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے ان کے ساتھ 6 کروڑ 38 لاکھ میں معاہدہ طے پایا ہے، ملتان سلطانز نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر لینس مورس کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے انہیں 2 کروڑ 75 لاکھ میں سائن کیا گیا ہے۔
راولپنڈیز کی ٹیم میں آسٹریلیا کے بیٹر میتھیو شارٹ شامل ہوئے ہیں، میتھیو شارٹ کے ساتھ 9 کروڑ 15 لاکھ میں معاہدہ طے پایا ہے۔ حیدرآباد کنگزمین نے براہ راست سائننگ ونڈو سے فائدہ نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پشاور زلمی کی جانب سے تاحال کسی براہ راست سائننگ کا اعلان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق تمام فرنچائزز کو 13 جنوری 2027 تک اپنے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانی ہوگی جبکہ پلیئرز آکشن 23 جنوری 2027 کو منعقد ہو گی۔
THE PUBLIC POST