وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد بجلی مہنگی ہونے کا عندیہ دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اویس لغاری کا کہنا تھا کہ توانائی کا بحران صرف تیل تک محدود نہیں بلکہ گیس اور فرنس آئل کو بھی متاثر کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت اسی تناظر میں بازاروں کے اوقات کار میں کمی اور توانائی بچت کے دیگر اقدامات پر صوبوں سے مشاورت کر رہی ہے۔
اویس لغاری کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوام پر اضافی بوجھ کم رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ توانائی کے محتاط استعمال سے ہی ملکی سطح پر دباؤ کم کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے حال ہی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمتیں بالترتیب 458 روپے 40 پیسے اور 520 روپے 35 پیسے مقرر کی گئی ہیں۔
پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر عوام اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں نے احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کیا ہے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق قیمتوں میں اضافہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کا نتیجہ ہے۔
ادھر وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر خطے میں جنگی صورتحال برقرار رہی تو معاشی حالات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
THE PUBLIC POST