مراد سعید کی سینیٹ کی نشست پرپی ٹی آئی کا امیدوار کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا

پشاور:خیبرپختونخوا سے مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آئی کا امیدوار کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا، کے پی سے 23 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلی تاہم پارٹی نے سب کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر امیدوار نامزد کرنے کے لیے گزشتہ شب پارلیمانی بورڈ کا خیبرپختونخوا ہاؤس میں اجلاس وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی صدارت میں ہوا جس میں ناموں پر مشاورت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اخونزادہ حسین یوسف زئی کا نام سینیٹ امیدوار کے لیے بھجوادیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی مرکزی قیادت نے سینیٹ کے لیے دو مزید ناموں پر بھی مشاورت کی ان میں عرفان سلیم اور فیض الرحمان کا نام سینیٹ امیدوار کے لیے زیر بحث آیا، پارلیمانی بورڈ نے تمام امیدوار کے متحرک سیاسی کردار پر بحث کی۔

پارلیمانی بورڈ کو رائے دی گئی کہ عرفان سلیم کا نام 9 مئی میں شامل ہے، بتایا گیا کہ فیض الرحمان نے بانی کے کیسز میں قانونی ٹیم کی معاونت کا وعدہ کیا ہے، اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھجوایا۔

اپوزیشن نے موقف اپنایا کہ ایسا شخص سینیٹ میں ہونا چاہیے جو ہاؤس میں فعال کردار ادا کرے۔ پی ٹی آئی قیادت نے پارلیمانی بورڈ کے سامنے موقف رکھا کہ خرم ذیشان سینیٹر منتخب ہونے کے بعد سے کردار نہ ادا کرسکے۔

ذرائع کے مطابق
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے بورڈ کو پیغام پہنچایا کہ ایسا امیدوار چاہیے جو سینیٹ میں دستیاب اور فعال پارلیمانی کردار ادا کرے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی کی بہنوں نے بھی اخوانزادہ حسین یوسف زئی کے نام پر اتفاق کیا۔

23 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے، کل تک جمع ہونگے
دریں اثنا خیبرپختونخوا سے خالی ہوئی مراد سعید کی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا سے 23امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں ان میں سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما ڈاکٹر نواز خان، ندیم عالم، وقاص اوکزئی بھی شامل ہیں۔

یہ کاغذات نامزدگی کل تک جمع کروائے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 8 اپریل کو جاری کی جائے گی جب کہ خیبر پختونخوا سینیٹ کی خالی نشست کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ 10اپریل تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور
16اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے، سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 23اپریل کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہوگی۔

مزید برآں تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا ہے۔ صوبائی صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پارٹی جن امیدواروں کو نامزد کرے گی وہی کاغذات جمع کرائیں گے۔

صوبائی صدر جنید اکبر کے مطابق پارلیمانی کمیٹی سینیٹ کی خالی نشست کے لیے اپنے امیدوار اور کورنگ امیدوار کا باضابطہ اعلان کرے گی، ہمارا کوئی بھی کارکن اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہ کرائے، پارلیمانی کمیٹی کے اعلان کے بعد آج پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اور کورنگ امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے۔

Check Also

کراچی: شاہراہ قائدین پر شہری نے گورنر سندھ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے خود کو خطرے میں ڈال دیا

کراچی کی شاہراہ قائدین کے قریب ایک شہری کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *