سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز و مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری اوقاتِ کار پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ میرپور خاص، سکھر، حیدر آباد اور لاڑکانہ میں بھی مارکیٹیں اور بازار معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز بھی بندش کے اوقات سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ کاروباری مراکز اب بغیر کسی پابندی کے معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معیشت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ مشاورت، عوامی مفاد اور زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اسی لیے ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں بھی سندھ حکومت نے عوام اور کاروباری طبقے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا اور آئندہ بھی ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔
THE PUBLIC POST