انیقہ معراج مس ورلڈ 2026ء مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے تیار

مس ورلڈ پاکستان 2026ء کا تاج پہننے والی انیقہ معراج پہلی بار مس ورلڈ مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

انیقہ معراج رواں سال ویتنام میں منعقد ہونے والے مس ورلڈ فیسٹیول کے 75 ویں سالگرہ ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، یہ مس ورلڈ مقابلے کی تاریخ میں پاکستان کی پہلی شرکت ہو گی۔

مس ورلڈ کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری بیان کے مطابق یہ فیسٹیول 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہو گا۔

24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس کی گریجویٹ ہیں، جن کی تعلیمی تخصص اکاؤنٹنگ اور آڈٹنگ میں ہے۔

انیقہ معراج کا اپنے مستقبل کے اہداف کے بارے میں کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ میں اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بنوں، جبکہ بچوں کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کروں تاکہ پاکستان کے لیے ایک روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکوں۔

حال ہی میں تاج پوشی کی تقریب لاہور کے ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022ء ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللّٰہ گجر نے انہیں تاج پہنایا۔

مس پاکستان ورلڈ کے مطابق انیقہ معراج بیوٹی مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

وہ اب تک 6 بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کر چکی ہیں اور 4 اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔

اگرچہ مس ورلڈ مقابلے میں یہ پاکستان کی پہلی شرکت ہو گی، تاہم حالیہ برسوں میں پاکستان کی نمائندگی دیگر عالمی مقابلۂ حسن میں بھی ہو چکی ہے، جن میں مس یونیورس شامل ہے، جہاں ایریکا رابن اور روما ریاض پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

منتظمین کے مطابق ویتنام کے مقابلے میں انیقہ معراج کی شرکت مس ورلڈ کے عالمی اسٹیج پر پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

Check Also

کئی سالوں بعد پہلی بارنیشنل انڈر-21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں خواتین کی ہاکی کے فروغ کے لیے ایک اور …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *