کراچی: آزاد کشمیر انتخابات میں ایم کیوایم پاکستان نے مسلم لیگ ن کی حمایت اور امیدواروں کو دستبردار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تین مطالبات رکھ دیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے وفد نےایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا۔وفد کی قیادت مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کر رہے تھے۔
وفد میں وفاقی وزیر کھیئل داس کوہستانی اور امیدوار نعیم الحق بھی شامل تھے۔ ن لیگی وفد نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، شبیر قائم خانی سمیت دیگر قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر انتخابات، سندھ کی سیاسی صورتحال، ایم کیو ایم اور ن لیگ کے تعلقات اور ورکنگ ریلیشن شپ پر بات چیت ہوئی۔
مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم قیادت سے ایک بار پھر آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت کی درخواست کی۔اس سے قبل ن لیگی وفد احسن اقبال کی قیادت میں اسلام آباد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا وفد بہادرآباد تشریف لایا، ہم ان کی آمد پر مشکور ہیں۔ آزاد کشمیر میں انتخابات کی گہما گہمی ہے اور ایم کیو ایم نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات سے قبل ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے۔ ہم مسلم لیگ ن کے اتحادی ہیں اور آپس میں ہمارا اشتراک عمل ہے۔ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنی طاقت کو جوڑ دیں تو مشترکہ امیدوار کا جیتنا ممکن ہو سکے گا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے تمام امیدوار مسلم ن کے حق میں دستبردار کرتی ہے لیکن ہمارے تین مطالبات ہے۔ہم نے بلدیاتی آئینی ترمیم کا مطالبہ دوبارہ ان کے سامنے رکھا ہے جس پر مسلم لیگ ن نے اس بل کو اسمبلی میں لانے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ون اور ٹو میں گورنر شپ ہماری تھی۔ سندھ کے شہری علاقوں میں ہماری اکثرہے لہذا گورنر سندھ ایم کیوایم کا ہونا چائیے ہمارا مینڈیٹ ہے اور آزاد کشمیر مں حکومت سازی میں ہماری شراکت داری ہونی چائیے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ امید ہے کہ بشیر میمن صاحب ہمارے ان مطالبات کو سامنے رکھیں گے۔
مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا کہ گورنر ہمارا ہو یا ان کا فرق کیا پڑتا ہے، مشکل وقت میں ہم ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ میرا ایم کیو ایم سے یہ گلا رہتا ہے کہ وہ صرف کراچی کی بات کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ آزاد کشمیر انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ شہباز شریف صاحب کو جب بھی کراچی بلایا گیا ہے وہ آتے ہیں۔ بشیر میمن نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کا ایک بڑا کردار تیسری عالمی جنگ کو رکوانے میں ہے۔ ہم ہر ایک سے ملنے کو تیار ہیں۔ موجودہ گورنر ہم سب کا ہے۔
THE PUBLIC POST