پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ صائمہ نور کی حیرت انگیز فٹنس ٹرانسفارمیشن اور نوجوانوں جیسی توانائی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے اور مداحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختلف ویڈیوز میں 58 سالہ صائمہ نور کو اسکواٹس اور کیٹل بیل سوئنگز جیسی مشکل ورزشیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جنہیں دیکھ کر صارفین ان کی اسٹیمنا کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک سیلون کے دورے کی وائرل ویڈیوز میں ان کے وزن میں نمایاں کمی بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
مداحوں نے انہیں ’ایور گرین‘ قرار دیتے ہوئے ان کی جوان نظر آنے والی شخصیت کو بے حد سراہا ہے، تاہم بعض صارفین نے مزاحیہ انداز میں یہ تبصرہ بھی کیا ہے کہ یہ ویڈیوز اتنی متاثر کن ہیں کہ بظاہر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ معلوم ہوتی ہیں۔
اس تمام تر بحث کے دوران اداکارہ صائمہ نور کے پرانے انٹرویو کلپس بھی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں، جن میں انہوں نے اپنی فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی تھی۔
ان انٹرویوز میں صائمہ نور کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ خود کو زائد وزن کا شکار محسوس کرتی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اپنی صحت بہتر بنانے کے لیے اپنے طرزِ زندگی میں بڑی اور مثبت تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا۔
صائمہ نور نے اپنے فٹنس راز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کسی پیچیدہ یا سخت ڈائٹ پلان پر عمل نہیں کرتی ہیں، بلکہ متوازن غذا کو کم مقدار میں کھاتی ہیں اور ‘انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ’ کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنایا ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ باقاعدہ ورزش، ذہنی سکون اور نظم و ضبط پر مبنی طرزِ زندگی نے نہ صرف ان کی فٹنس اور توانائی کو بحال کیا ہے بلکہ انہیں ایک صحت مند اور تر و تازہ شخصیت بھی عطا کی ہے۔
THE PUBLIC POST