کے الیکٹرک ٹیرف میں 19 فیصد کمی برقرار، کراچی کے صارفین کو فائدہ نہیں ہوگا

کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے اوسط بنیادی ٹیرف میں 19 فیصد کمی برقرار رکھتے ہوئے کمپنی کی اپیل مسترد کردی۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے اوسط بنیادی ٹیرف میں 19 فیصد کمی برقرار رکھتے ہوئے کمپنی کی اپیل مسترد کردی تاہم فیصلے سے کراچی کے تقریباً 35 لاکھ صارفین کے بجلی کے بلوں میں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

فیصلے کے بعد کے الیکٹرک کا اوسط بنیادی ٹیرف 32.37 روپے فی یونٹ برقرار رہے گا جو 2025 میں منظور کیے گئے 39.97 روپے فی یونٹ کے مقابلے میں 7.60 روپے کم ہے۔

نئے ٹیرف میں تقریباً 27.83 روپے فی یونٹ بجلی کی خریداری، 2.40 روپے ترسیل اور 2.90 روپے تقسیم کے اخراجات شامل ہیں جب کہ سپلائی کے اخراجات میں تقریباً 0.78 روپے فی یونٹ کی کریڈٹ رقم بھی شامل ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے ٹیرف میں کمی کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا تاہم اپیلیٹ ٹربیونل نے کمپنی کی اپیل مسترد کردی۔

یہ معاملہ 27 مئی 2025 کو شروع ہوا تھا جب نیپرا نے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں 6.15 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی جس کے بعد مالی سال 24-2023 کے لیے کمپنی کا ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ ہوگیا تھا۔

کے الیکٹرک کا مؤقف

اس سلسلے میں ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ نیپرا کے 20 اکتوبر 2025 کے فیصلوں کے خلاف کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں کے معاملے میں نیپرا نے اپنے 20 اکتوبر 2025 کے فیصلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے لیکن یہ حکم تاحال باضابطہ طور پر کے الیکٹرک کو موصول نہیں ہوا، اس سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل نے اپنا حکم جاری کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے وکیل کے دلائل اور موقف پر غور نہیں کیا۔

ترجمان نے کہا کہ اس پیشرفت کے نتیجے میں مالی سال 2024 سے 2030 کی کنٹرول مدت کے لیے کے الیکٹرک کے ملٹی ائیر ٹیرف پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل کے تحریری حکم نامے کی منتظر ہے جس کے موصول ہونے کے بعد دستیاب قانونی راستے اختیار کرنے پر غور کیا جائے گا۔

Check Also

صوبوں کی تقسیم قبول نہیں، ٹی وی چینلز کے سرویز سے کیا فرق پڑتا ہے؟ شرجیل میمن

کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہمیں صوبوں کی تقسیم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *