ایشین گیمز ٹی20 کرکٹ مقابلے میں بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے جہاں نیپال نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ مرحلے میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔
نیسِن کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 102 رنز بنا سکی، جواب میں نیپال نے ہدف 18ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم نیپالی بولرز کے سامنے افغان بیٹنگ لائن اپ مشکلات کا شکار رہی۔ افغانستان کے ابتدائی تین بلے باز حسن عیسیٰ خیل 2 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے، محمد اکرم 8 گیندوں پر 2 رنز اور کریم جنت 9 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فیصل خان احمدزئی اور نجیب اللہ زدران نے 30، 30 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، جبکہ ننگیالیہ خان 15 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے باوجود افغانستان مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر صرف 102 رنز تک پہنچ سکا۔
نیپال کی جانب سے کشال بھورتل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ للت نارائن راج بنشی نے 3 افغان کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
103 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کا آغاز بھی مشکلات سے دوچار رہا۔ کشال بھورتل دوسری ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے جبکہ آصف شیخ بھی 4 رنز بنا کر چوتھے اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے۔
اس موقع پر سندیپ جورا نے 35 گیندوں پر 34 رنز کی اہم اننگز کھیل کر نیپال کی اننگز کو سنبھالا۔ روہت کمار پاؤڈل نے 32 گیندوں پر 33 رنز جبکہ دیپیندر سنگھ ایری نے 18 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ہدف کے قریب پہنچایا۔
نیپال کو فتح کے لیے صرف ایک رن درکار تھا کہ ایری آؤٹ ہوگئے، تاہم گلشن کمار جھا نے آخری رن بنا کر ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔
یہ 2014 کے بعد ٹی20 کرکٹ میں افغانستان کے خلاف نیپال کی پہلی کامیابی ہے۔ 2014 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں نیپال نے افغانستان کو 9 رنز سے شکست دی تھی، تاہم اسی سال جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل میں افغانستان نے نیپال کو 8 رنز سے مات دی تھی۔
نیپال کی اس کامیابی سے ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل میں رسائی کے امکانات بہتر ہوگئے ہیں۔ نیپال اب گروپ مرحلے کے اپنے اگلے میچ میں ہفتے کی صبح میزبان جاپان کا سامنا کرے گا۔
THE PUBLIC POST