کراچی میں بھتہ مافیا کے خلاف رینجرز اور پولیس کامشترکہ آپریشن، 4ملزمان گرفتار

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے پاپوش نگر میں بھتہ مافیا کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزمان زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق کارروائی کے دوران صمد کاٹھیاواڑی اور جمیل چھانگا گروہ کے 3 انتہائی مطلوب کارندوں کو زخمی حالت میں جبکہ ایک ملزم کو بغیر مزاحمت گرفتار کیا گیا۔ زخمی ملزمان کی شناخت ضمیر عرف پرنس، محمد شاکر اور برکت علی عرف براہ کے نام سے ہوئی، جبکہ بلا ضرب گرفتار ملزم کی شناخت محمد زہیم کے نام سے کی گئی۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق 24 اکتوبر 2026 سے اب تک کراچی میں بھتہ مافیا کے خلاف رینجرز اور ایس آئی یو پولیس کی یہ چوتھی بڑی کارروائی ہے۔ گرفتار ملزمان صمد کاٹھیاواڑی اور جمیل چھانگا کو کاروباری افراد کی معلومات فراہم کرنے کے علاوہ بھتہ نہ دینے پر خوف و ہراس پھیلانے کے لیے فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم برکت علی عرف براہ عادی مجرم ہے جو ماضی میں منشیات فروشی اور پولیس مقابلوں کے متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ ملزم 2016 سے جمیل چھانگا گروہ سے منسلک ہے اور گروہ کا اہم کارندہ ہے۔ ملزم نے جمیل چھانگا کے کہنے پر تھارولین میں زیر تعمیر عمارتوں اور نسیم کلاتھ مارکیٹ لسبیلہ پر فائرنگ کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزم نے ماضی میں گروہی فسادات کے دوران مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزمان ضمیر عرف پرنس اور شاکر، صمد کاٹھیاواڑی اور اویس ڈاڈا کے اہم کارندے ہیں۔ ضمیر عرف پرنس اس سے قبل ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ ملزم نے جیل میں صمد کاٹھیاواڑی کے کارندے اویس ڈاڈا سے ملاقات کے بعد اپنے ساتھی شاکر کو بھی بھتہ وصولی کی کارروائیوں میں شامل کیا جبکہ وارداتوں کے لیے پستول اویس ڈاڈا فراہم کرتا تھا۔

رینجرز کے مطابق فروری 2026 میں ملزم شاکر نے ساتھیوں کے ہمراہ پاپوش نگر کے ایک ہوٹل پر فائرنگ کی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ ناظم آباد میں بھتہ وصولی کی سنگین دفعات کے تحت درج ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان نے 26 ستمبر 2026 کو بھی پاپوش نگر میں زیر تعمیر عمارت برج الامین پر بھتہ وصولی کے لیے فائرنگ کی تھی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم زہیم صمد کاٹھیاواڑی کے دست راست صادق عرف امر تمر کے ذریعے بھتہ وصولی گروہ میں شامل ہوا، جبکہ وہ اس سے قبل بھی ڈکیتی کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے۔

Check Also

ایف بی آر نے نئے ٹیکس دہندہ کیلئے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کردیا

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے ٹیکس دہندگان کے لیے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *