کراچی:ملیر کینٹ پولیس کے ہاتھوں اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے افسر رسول بخش کھٹیان نے دورانِ تفتیش اپنے ساتھی فیصل سمیت محکمہ پولیس کے کئی بڑے نام اگل دیے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق اس ہائی پروفائل واردات میں خود اغوا برائے تاوان سیل (اے وی سی سی) کا ڈی ایس پی امجد کلیار اور ایس ایس پی اے وی ایل سی کا ریڈر محسن بھٹو بھی ملوث نکلا ہے، جس کے بعد ڈی ایس پی امجد کلیار کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم محسن بھٹو مقدمہ درج ہوتے ہی کراچی سے فرار ہو گیا۔
تفتیشی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اس منظم گینگ میں اے وی ایل سی لیاقت آباد کا ہیڈ کانسٹیبل تیمور، کانسٹیبل انعام، دانش عرف سمیر اور دیگر نامعلوم ملزمان بھی مرکزی کردار ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نے 11 نومبر کو شہری محمد شان کو سرکاری پولیس موبائل میں اغوا کیا اور نامعلوم ٹارچر سیل منتقل کر کے الٹا لٹکایا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ اغوا کاروں نے مغوی سے کہا کہ اس نے تین کروڑ روپے کا گھر فروخت کیا ہے، اور رہائی کے بدلے 20 کروڑ روپے تاوان طلب کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد ازاں معاملات طے پانے پر مغوی کے کزن آصف نے اقرا یونیورسٹی کے قریب ایک کچرا کنڈی پر ملزمان کو ایک کروڑ روپے کیش تاوان ادا کیا، جس کے بعد محمد شان کو رہا کر دیا گیا۔ تاہم ملزمان نے تاوان کی رقم وصول کرنے کے بعد مزید رقم کا مطالبہ بھی کیا اور انکار پر مغوی کی گاڑی، آئی فون اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملوث افسر امجد کلیار خود اے وی سی سی میں بطور ڈی ایس پی تعینات ہے، جبکہ ایس ایس پی کا منظورِ نظر ریڈر محسن بھٹو اے وی ایل سی لیاقت آباد میں تعینات ہے۔ محسن بھٹو نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ میں ماہر سمجھا جاتا ہے اور اس پر قبل ازیں بھی کرپشن کے سنگین الزامات عائد رہے ہیں۔
اعلیٰ حکام کی جانب سے اس ہائی پروفائل کیس کی مزید انکوائری کی جا رہی ہے۔
THE PUBLIC POST