کراچی کی نادرن بائی پاس پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی، جہاں 99 فیصد جانور فروخت کیے جاچکے ہیں۔
انچارج ایڈمنسٹریشن مویشی منڈی اسلم بلوچ کے مطابق کے پی کے، پنجاب، سندھ، سفائر، گولڈن، پہاڑی، کراچی اور جنرل بلاکس مکمل طور پر خالی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کے پی کے واحد بلاک تھا جہاں بیوپاریوں نے تین مرتبہ جانور لاکر فروخت کیے۔
انتظامیہ کے مطابق اب مویشی منڈی میں اونٹ، گائے، بیل اور بکرے ملا کر صرف 500 جانور باقی رہ گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ سے زائد جانور منڈی لائے گئے تھے۔
گیارہ سو ایکڑ پر قائم اس وسیع مویشی منڈی میں مجموعی طور پر 12 بلاکس قائم کیے گئے تھے جہاں ملک بھر سے آنے والے بیوپاریوں نے اپنے جانور فروخت کیے۔
بیوپاریوں نے واپسی کے وقت کراچی کے شہریوں کی بھرپور خریداری اور محبت پر شکریہ ادا کیا۔ کئی بیوپاری ہاتھ ہلا کر شہریوں سے رخصت ہوئے جبکہ کھرلیاں، سامان اور دیگر اشیا گاڑیوں میں لوڈ کرکے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہوگئے۔
مویشی منڈی انتظامیہ نے بھی خرید و فروخت کے دوران میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
THE PUBLIC POST