کراچی میں ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی، موسم نسبتاً خوشگوار

کراچی:شہر قائد میں کئی روز سے جاری گرمی کی شدید لہر کے بعد آج موسم کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

موسم کی اطلاع دینے والے نجی ذرائع کے مطابق شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ سمندر سے آنے والی ہوائیں اچھی رفتار سے چل رہی ہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں نسبتاً کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

موسمی صورتحال کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب بدستور زیادہ ہے، جس کی وجہ سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت اصل درجہ حرارت سے زیادہ رہ سکتا ہے، تاہم گزشتہ چند دنوں کے مقابلے میں مجموعی صورتحال کافی اطمینان بخش قرار دی جا رہی ہے اور شہریوں کو نسبتاً بہتر موسم میسر ہے۔

آج رات سے شہر میں سمندری ہواؤں اور سمندری بادلوں کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں رات کا موسم مزید خوشگوار ہو سکتا ہے۔ آج رات گئے سے کل دوپہر تک سمندری بادلوں کے باعث مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے امکانات ہیں۔

موسمی جائزے کے مطابق سمندری بادلوں کی موجودگی کے باعث شہر کے چند مقامات پر تیز پھوار یا ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔

رواں ہفتے کے دوران موسم کی مجموعی صورتحال اسی نوعیت کی رہنے کی توقع ہے اور شہر میں شدید گرمی کی لہر کے امکانات موجود نہیں ہیں۔

Check Also

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں اچانک بڑا اضافہ

کراچی:سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں آج اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ ہوگیا۔ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *