کراچی:کراچی میں بھتہ خوری کی وارداتوں کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ بھتے کی مختلف وارداتوں میں 4 گروپوں سے تعلق رکھنے والے 7 انتہائی مطلوب ملزمان ملوث ہیں۔
سندھ پولیس ذرائع کے مطابق ان ملزمان کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ کار ملک سے باہر تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وصی اللہ لاکھو گروپ، صمد کاٹھیاواڑی گروپ اور جمیل چھانگا گروپ کراچی میں بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایک بھتہ خور ملائیشیا میں موجود رہ کر کراچی میں جرائم کی سرگرمیوں کو منظم کر رہا ہے۔
سندھ پولیس ذرائع کے مطابق ملائیشیا میں موجود حماد اور بہادر عرف پی ایم ٹی بھی شہر قائد میں بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ان ملزمان کی سرگرمیوں کے حوالے سے مختلف شواہد اور معلومات حاصل کی جا چکی ہیں جن کی بنیاد پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔ وصی اللہ لاکھو، صمد کاٹھیاواڑی، جمیل چھانگا اور ملائیشیا میں موجود حماد کے خلاف انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔
سندھ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بہادر عرف پی ایم ٹی اور بھتہ خور عظیم کے ریڈ نوٹس کے اجرا کا عمل جاری ہے، جبکہ احمد علی مگسی کے ریڈ وارنٹ کے حصول کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ذریعے انٹرپول کو خط بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے جاری ہیں۔
THE PUBLIC POST