لاہور کی 3 سگی بہنوں نے ایکساتھ ورلڈ ایتھلیٹکس کا لیول ون کوچنگ کورس کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا

کھیلوں کی فیملی کا بیک گراؤنڈ رکھنے والی لاہور کی 3 سگی بہنوں نے ایک ساتھ ورلڈ ایتھلیٹکس کا سی ای سی ایس لیول ون کوچنگ کورس کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

لاہور کی آمنہ شہزاد، عائشہ شہزاد اور فاطمہ شہزاد کا تعلق ایک اسپورٹس فیملی سے ہے، ان کے دادا فیاض محمود قریشی نیشنل ایتھلیٹ رہے جبکہ والد شہزاد قریشی نیشنل سوئمر رہے اور اب وہ کرکٹ کوچنگ سے منسلک ہیں۔

تینوں بہنیں بی ایس ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کی طالبات ہیں، سب سے بڑی بہن آمنہ شہزاد کا 8 واں سیمسٹر ہے جبکہ چھوٹی بہنوں عائشہ اور فاطمہ چھٹے سیمسٹر کی طالبات ہیں۔

حال ہی میں لاہور میں پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے ورلڈ ایتھلیٹکس کا کوچز ایجوکیشن سرٹیفکیشن سسٹم کا لیول ون کورس کرایا۔

اس کورس میں سینئر کوچز بھی شامل تھے لیکن یہ تینوں طالبات بہنیں سب کی توجہ کا مرکز رہیں، جنہوں نے کامیابی کے ساتھ لیول ون کورس مکمل کیا اور ورلڈ ایتھلیٹکس کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔

تینوں بہنوں کا کہنا ہے کہ سینئر کوچز کے ساتھ کورس مکمل کرنا ہمارے لیے اعزاز ہے، ہمیں یقین بھی نہیں آ رہا تھا کہ ہم کورس کے لیے منتخب ہوں گی، کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کرنے پر خوش ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کورس کو بہت انجوائے کیا ہے، ہمیں کوئی مشکل پیش نہیں آئی، اب ہماری کوشش ہو گی کہ لیول 2 کے بعد دیگر لیول بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کریں اور کوچنگ کے کیریئر میں آگے بڑھیں۔

آمنہ، عائشہ اور فاطمہ کا ماننا ہے کہ جس شعبے میں ہم تعلیم حاصل کر رہی ہیں اس کی وجہ سے ہمارے لیے کورس میں بہت آسانی ہوئی۔

انہوں نے کہا ہے کہ تعلیم کی وجہ سے ہمارے پاس خاصی معلومات تھیں، کورس کے دوران ہمیں پریکٹیکل کرنا پڑا جس میں تعلیم کی وجہ سے مشکل پیش نہیں آئی۔

Check Also

لاہور میں بلیو ٹوتھ ’بلو ٹوتھ‘ کے ذریعے بجلی چوری کا انکشاف

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ایسٹرن سرکل میں بجلی چوری کے خلاف جاری کریک …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *