سعودیہ کا تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

سعوی عرب:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جاری اتار چڑھاؤ کے دوران سعودی عرب نے ایشیائی ممالک کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے جسے توانائی کی عالمی منڈی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے آئندہ ماہ ایشیا کو فراہم کیے جانے والے اپنے عرب لائٹ خام تیل کی سرکاری فروختی قیمت (Official Selling Price) میں 1.10 ڈالر فی بیرل کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد عرب لائٹ خام تیل پاکستان سمیت ایشیائی خریداروں کو علاقائی معیار (Benchmark) کے مقابلے میں 1.50 ڈالر فی بیرل رعایت پر دستیاب ہوگا۔ یہ کمی مارکیٹ کی توقعات سے زیادہ ہے کیونکہ بلومبرگ کے سروے میں ماہرین نے اوسطاً 80 سینٹ فی بیرل کمی کی پیش گوئی کی تھی۔
سعودی عرب کا یہ اقدام ایشیائی منڈی میں اپنی مسابقت برقرار رکھنے خریداروں کو متوجہ کرنے اور عالمی طلب میں سست روی کے تناظر میں مارکیٹ شیئر مستحکم رکھنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

توانائی کے شعبے کے مبصرین کے مطابق قیمتوں میں اس کمی سے پاکستان ، چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ایشیائی درآمد کنندہ ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے جبکہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں موجودہ رجحان پر برقرار رہیں تو پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک کے لیے بھی مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال عالمی معاشی نمو اوپیک پلس کی پالیسی اور طلب و رسد کے عوامل مسلسل اثر انداز ہو رہے ہیں جس کے باعث توانائی کی منڈی میں غیر یقینی کیفیت برقرار ہے۔

Check Also

دھرمیندر نے موت سے قبل پیغام میں کہا تھا ہمیشہ خاندان کے ساتھ ملکر رہنا، ہیمامالنی

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ہیما مالنی نے دھرمیندر کی موت سے قبل اُن کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *