مظفرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے، جہاں کوہالہ پل پر قائم مقام صدر آزاد کشمیر و سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبال کے موقع پر کارکنوں کی جانب سے “جئے بلاول، جئے زرداری” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، بلاول بھٹو زرداری کو سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں دارالحکومت مظفرآباد لایا گیا۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین اور چوہدری محمد ریاض بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی پونچھ اور مظفرآباد ڈویژن کے امیدواروں اور پارٹی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے متعلق آئندہ سیاسی و انتخابی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔
صدر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین آج رات بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، جس میں مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کے امیدوار، ڈویژنل اور ضلعی صدور شرکت کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے دورے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
THE PUBLIC POST