آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا روکی گئی گاڑیاں ریلیز کرنے کیلئے تین دن کا الٹی میٹم

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں روکی گئی گاڑیوں کو ریلیز کرنے کیلئے تین دن کا الٹی میٹم دے دیا۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی احتجاج کے باعث اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 3 ہزار سے زائد لوڈڈ اور خالی گاڑیاں روکی گئی ہیں، 72 گھنٹے کے اندر تمام گاڑیاں ریلیز نہ کی گئیں تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

قبل ازیں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں سڑکوں کنارے رکھے گئے کنٹینرز پر اٹھنے والے یومیہ اخراجات کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ “رہی مالکان کے کرایوں کی بات تو، میری ان کے دونوں گروپس سے باقاعدگی سے ملاقات ہو رہی ہے، کسی کا سامان والا کنٹینر نہیں ہے، انہی کے لوگ کرایہ طے کرتے ہیں، اس کا ایک طریقہ کار ہے، ایسی کوئی شکایت نہیں ہو گی۔”

شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی بندش کے باعث ٹرانسپورٹرز کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جبکہ سامان کی ترسیل کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔ اس معاملے پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ سے ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی اسلام آباد کے احکامات کے باوجود لوڈڈ گاڑیوں کا ریلیز نہ ہونا تشویشناک ہے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت فوری مداخلت کرتے ہوئے تمام لوڈڈ گاڑیاں ریلیز کرائیں۔

خیال رہے پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز بھی رکھے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں لانگ مارچ 4 اکتوبر تک موخر کر دیا گیا۔

Check Also

غیر ملکی لڑکی سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم پیشرفت

لاہور: ڈیفنس سی میں غیر ملکی لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے معاملے میں اہم پیشرفت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *