پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پی ایس ایل کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگاجس میں تمام 8 فرنچائزز ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک بار پھر مدمقابل ہوں گی۔
پی ایس ایل کے گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر 2026 کو لندن میں ہوا تھا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ تمام اہم اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد ٹورنامنٹ کی ونڈو طے کی گئی۔
2026 کا سیزن تاریخی رہا
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 2026 نے لیگ میں کئی نئے سنگ میل حاصل کیے۔ پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ میں8 ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پہلی بارپلیئر آکشن کا نظام متعارف کرایا گیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کی جو لیگ کی تاریخ میں ریکارڈ تعداد تھی۔
پشاور زلمی نے 3 مئی 2026 کو ڈیبیو کرنے والی حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ پشاور زلمی نے 9 سال بعد دوبارہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پی ایس ایل 12 کے لیے اہم مراحل
پی ایس ایل 12 کی تاریخیں طے ہونے کے بعد لیگ کے اہم مراحل کا سلسلہ شروع ہوگا جن میں ڈائریکٹ سائننگز، کھلاڑیوں کی ریٹینشن، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ان تمام مراحل سے ٹورنامنٹ کی ٹیموں اور اسکواڈز کی تشکیل کا عمل آگے بڑھے گا۔
‘چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کیا کہا؟’
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو دکھایا کہ یہ لیگ کیا کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کے مطابق گزشتہ سیزن میں سنسنی خیز لمحات، ریکارڈ تماشائی اور ریکارڈ براڈکاسٹ نے پوری قوم کی توجہ حاصل کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 12 میں اس معیار کو مزید بلند کیا جائے گا اور پی سی بی ایک اور شاندار سیزن کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔
سلمان نصیر کا ردعمل
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ گزشتہ سیزن نے اس لیگ سے لوگوں کی توقعات تبدیل کردی ہیں اور 2027 میں ان توقعات پر پورا اترنے کا ارادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخوں کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، آنے والے مہینوں میں ڈائریکٹ سائننگز، ریٹینشنز، ٹریڈ ونڈو اور آکشن شائقین کے لیے مزید دلچسپی کا باعث بنیں گے۔
سلمان نصیر نے کہا کہ 8 ٹیمیں اور 8 اسکواڈ ایک دوسرے سے بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہوں گے جبکہ پاکستان اور دنیا بھر میں کروڑوں شائقین پی ایس ایل 12 کا انتظار کررہے ہیں۔
THE PUBLIC POST