دھرمیندر سے پہلی نظر میں محبت ہو گئی تھی:ہیما مالنی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیما مالنی کا آنجہانی شوہر و اداکار دھرمیندر سے محبت کے بارے میں کیا گیا اعتراف ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

ہیما مالنی کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو دوبارہ منظرِ عام پر آ گئی ہے جس میں اُنہوں نے دھرمیندر کے ساتھ اپنے رشتے کو پہلی نظر میں ہونے والی محبت قرار دیا تھا۔

ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ جب انسان کسی سے محبت کرتا ہے تو اپنے اردگرد کے حالات پر زیادہ توجہ نہیں دیتا بلکہ اپنے جذبات کے مطابق فیصلہ کرتا ہے۔

اداکارہ نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے دھرمیندر سے پہلے اتنا خوب صورت مرد نہیں دیکھا تھا، دھرمیندر کی شخصیت اور ظاہری وجاہت نے مجھے پہلی ہی ملاقات میں متاثر کر دیا تھا اور وقت گزرنے کے ساتھ میری پسند اور محبت مزید گہری ہوتی گئی۔

ہیما مالنی نے بتایا کہ دھرمیندر بھی میری طرف مائل تھے اور مجھے متاثر کرنے کی کوشش کرتے تھے۔

انہوں نے اپنے رشتے میں آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا آیا جب میں نے دھرمیندر سے واضح طور پر کہا کہ اب ہمیں شادی کر لینی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں جانتی تھی کہ اس فیصلے کے ساتھ مسائل بھی سامنے آ سکتے ہیں کیونکہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کی ایک فیملی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے دھرمیندر سے جائیداد، دولت یا کسی مادی فائدے کی توقع نہیں تھی بلکہ میں صرف ان کی محبت اور ساتھ چاہتی تھی۔

واضح رہے کہ بھارتی اداکار دھرمیندر نے 1954ء میں پرکاش کور سے پہلی شادی کی تھی، اس جوڑے کے 4 بچے، سنی دیول، بوبی دیول، وجیتا دیول اور اجیتا دیول ہیں۔

بعد ازاں اداکار کی ہیما مالنی سے ملاقات 1970ء میں فلم ’تم حسین میں جوان‘ کے سیٹ پر ہوئی، جس کے بعد دونوں نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، دونوں نے 1980ء میں شادی کی، ان کی 2 بیٹیاں ایشا دیول اور آہانا دیول ہیں۔

بھارتی اداکار دھرمیندر گزشتہ سال 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

Check Also

معروف ٹی وی اور اسٹیج پروڈیوسر ذاکر حسین شاندار قوالی نائٹ کا اہتمام کرینگے

کراچی(شوبز رپورٹر) معروف ٹی وی اور اسٹیج پروڈیوسر ذاکر حسین بہت جلد شہرِ قائد میں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *