عدالت نے 2وکیلوں کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔

یہ حکم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران دیا۔

اس کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے گزشتہ برس جنوری میں عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 برس قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

اپیلوں پر سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر، ایڈوکیٹ سردار لطیف کھوسہ، بیرسٹر گوہر، اور سلمان اکرم راجہ کے علاوہ ایڈوکیٹ حامد خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

اس کے علاوہ نیب کی پراسیکیوشن ٹیم بشمول پراسیکیوٹر جنرل سہیل ناصر بھی پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر ہی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیلوں کی جانب سے سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر دلائل دینے میں تاخیر کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سماعت پر ایڈوکیٹ لطیف کھوسہ کیطرف سے حلفاً کہا تھا کہ آئیندہ تاریخ پر مرکزی اپیلوں پر دلائل شروع کرینگے اور مزید التوا نہیں مانگیں گے۔

لطیف کھوسہ نے التوا کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ابھی تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہو سکی۔

اس پر چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد سے پوچھا کہ کیا وہ لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کروا سکتے ہیں؟ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ ان کی ملاقات بھی کروا دیتے ہیں۔

اس کے بعد چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان کے لیے کہا انہوں نے جو مانگا وہ میں نے دیا، لہذا آج انہیں اس کیس میں دلائل شروع کرنے ہوں گے۔

اس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی عمران خان سے 7 ماہ اور بشریٰ بی بی سے 12 ماہ بعد اچانک ملاقات کرائی گئی تھی اور وہ بھی صرف 40 منٹ کے لیے جس دوران دونوں کی 64 سے زائد درخواستوں پر مشاورت کرنا تھی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سلمان صفدر نے پہلے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکلوں نے انہیں صرف سزا معطلی کی درخواستوں کے لیے وکیل مقرر کیا ہے۔ اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ اب انہیں اپیلوں پر دلائل دینے کی ہدایات بھی مل چکی ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ابھی بھی مکمل ریکارڈ فراہم نہ کیے جانے کا شکوہ کرتے ہوئے پیپر بُکس فراہم کرنے اور تیاری کے لیے وقت دیے جانے کی استدعا کی۔

چیف جسٹس کے استفسار پر ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ وہ ایڈوکیٹ لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کرا دیں گے۔

جس پر چیف جسٹس انہیں ملاقات کرانے کا حکم جاری کیا جبکہ لطیف کھوسہ کو آئندہ ہفتے ان اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی۔

اس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنی نامکمل ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دوبارہ ملاقات کرانے کی استدعا کی۔

اس پر چیف جسٹس نے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کو دونوں وکلا کی عمران خان اور بشری بی بی سے ملاقات کروانے کا حکم دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق یہ ملاقات ایک گھنٹے کے لیے ہو گی۔ ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے چیف جسٹس کے استفسار پر ملاقات کے لیے ایک گھنٹے کا ہی وقت مانگا تھا۔

بشریٰ بی بی کی آنکھیں خراب ہیں، 6 ہفتے ہی کی ضمانت دے دی جائے
سماعت کے دوران سلمان صفدر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات بھی پیش کیے۔ ان کے مطابق عمران خان نے انہیں بتایا کہ ان کا بلڈ پریشر کنٹرول نہیں ہو رہا اور 190 سے اوپر جا رہا ہے، جس سے برین ہیمرج کا خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی حالت میں بہتری آئی ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی صورت حال بہت خراب ہے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ وہ اپیلوں پر دلائل دیتے رہیں اور ان کی موکلہ کی بینائی متاثر ہو جائے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر ضمانت نہیں دی جا سکتی تو بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے 6 ہفتے کی ضمانت دی جائے۔ تاہم ان کے ایک بیان میں چھ ماہ کی ضمانت کا ذکر بھی آیا۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ انہوں نے سلمان صفدر کا مؤقف تحمل سے سن لیا ہے، تاہم صحت سے متعلق معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں زیر التوا ہے۔ اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے متعلق کوئی معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں زیر التوا نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی بشریٰ بی بی کی وفاقی آئینی عدالت سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطل کرنے کی درخواست مسترد ہوئی تھی جس کی پیروی بھی سلمان صفدر ہی کر رہے تھے۔

Check Also

تربیلا سے دریائے سندھ میں اضافی پانی آج چھوڑے جانے کا امکان، مختلف اضلاع الرٹ

ہری پور: تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی آج رات چھوڑے جانے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *