توشہ خانہ کیس:سلمان صفدر فرینڈ آف دی کورٹ مقرر، عمران خان کی بیرک تک رسائی مل گئیٗ تحریری رپورٹ جمع کرائیں گے

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت دیدی۔

عمران خان کے خلاف دائر توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کی روشنی میں تحریری جواب چیمبر میں جمع کرا دیا تھا، بانی پی ٹی آئی اس وقت اٹک جیل میں تھے،جب آرڈر دیا گیا تھا، ہم نے چیمبر میں تحریری رپورٹ 28 اگست 2023 کو جمع کرا دی تھی۔

منصور عثمان اعوان نے بتایا کہ رپورٹ کے ساتھ 5 تا 18 اگست کی میڈیکل رپورٹ بھی شامل تھی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے بعد کوئی آرڈر ریکارڈ پر نہیں جس پر سپریم کورٹ نے اظہار اطمینان کیا ہو، ہم سلمان صفدر کو فرینڈ آف کورٹ مقرر کر رہے ہیں، ہمیں سلمان صفدر پر مکمل اعتماد ہے۔

عدالت نے کہا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے تحت جو رپورٹ تھی اس وقت بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے، یہ مناسب ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی لِونگ کنڈیشن پر رپورٹ منگوائی جائے، سلمان صفدر بطور فرینڈ آف دی کورٹ اڈیالہ جیل جائیں، سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی کی بیرک تک رسائی دی جائے تاکہ وہ تحریری جواب دیں، سلمان صفدر کل تک تحریری رپورٹ جمع کرائیں۔

سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو ہدایت کی ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں حالت زار اور انہیں دستیاب سہولیات سے متعلق تحریری رپورٹ دیں۔

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت 12 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی۔

Check Also

طلبہ کو فراہم کی جانیوالی مفت کتابیں واپس لینے کی ہدایت

کراچی: سندھ کے محکمہ تعلیم نے سالانہ امتحانات کے بعد طلبہ کو فراہم کی جانے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *