پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت، کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے سبسڈی کا اعلان

پنجاب میں عوام کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ مفت، کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے سبسڈی کا اعلان کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کرنے والے شہریوں کو ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

لاہور میں زرعی شعبے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے مریم نواز نے کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے نقد امداد اور سبسڈی کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی تاکہ زرعی اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے موٹر سائیکل سواروں کیلئے بھی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ بائیک پر 20 لیٹر تک 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور نرخ برقرار رکھنے پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف دینے کی مخلصانہ کوشش کی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور حالات بہتر ہوتے ہی مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی بھی تلقین کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگ کے باعث معاشی بحران پیدا ہوا ہے اور درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے پاکستان زیادہ متاثر ہو رہا ہے، حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔

Check Also

حکومت کا ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس لینے کا اعلان

وزیراعظم کی ہدایات پر ٹول پلازہ فیس میں ہونے والا سہہ ماہی اضافہ معطل کر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *