6 سالوں کے دوران اوورانوئسنگ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا انکشاف

ملک میں اربوں روپے کی اوور انوائسنگ کے ذریعے منی لانڈرنگ اور مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی اور متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اوور انوائسنگ سے متعلق قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملوث افراد کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2017 سے 2022 کے دوران اوور انوائسنگ کا غیر قانونی سلسلہ جاری رہا جبکہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی تیز کی جائے اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی محکمانہ اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم قومی امانت ہے اور اس کے شفاف استعمال کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو مزید فعال بنانے اور اس میں ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندوں کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایف بی آر نے سنٹرلائزڈ پرائس ویریفکیشن پورٹل تیار کر لیا ہے، جو جون کے اختتام تک بینکوں کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔ مزید یہ کہ اکتوبر 2022 میں پوسٹ کلیئرنگ آڈٹ ونگ نے اوور انوائسنگ کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد اب تک 13 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

Check Also

بانی چیئرمین سے ملاقات میں استعفیٰ دے دوں گا، سلمان اکرم راجا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *