ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فٹنس اور کیلوریز ٹریک کرنے والی ڈیوائسز بعض صارفین میں اہداف حاصل نہ ہونے کی صورت میں ’شرمندگی‘ کے جذبات کو جنم دے سکتی ہیں۔
یہ تحقیق یونیورسٹی کالج لندن اور لوبورو یونیورسٹی کے ماہرین نے کی، جنہوں نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہزاروں پوسٹس کا تجزیہ کیا۔
مطالعے کے دوران فٹنس کی پانچ مقبول ایپس سے متعلق 58 ہزار سے زائد پوسٹس کا جائزہ لیا گیا، جس سے ان ٹولز کے ممکنہ منفی نفسیاتی اثرات کی نشاندہی ہوئی۔
مزید تجزیے کے بعد تقریباً 13 ہزار پوسٹس میں منفی جذبات کا اظہار سامنے آیا۔ تحقیق کے مطابق صارفین کو غیر صحت بخش غذا ریکارڈ کرنے پر ’شرمندگی‘، بار بار نوٹیفکیشنز موصول ہونے پر ’جھنجھلاہٹ‘ اور اہداف پورے نہ ہونے پر ’مایوسی‘ کا سامنا کرنا پڑا۔
ماہرین کے مطابق یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ فٹنس ایپس کے استعمال میں توازن اور ذہنی صحت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
THE PUBLIC POST