کراچی میں پانی کا بحران ختم نہ ہوا تو شہر بھر میں احتجاج ہوگا،جماعت اسلامی کا 3 روزہ الٹی میٹم

جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر سیف الدین ایڈووکیٹ نے شہر میں جاری پانی کے سنگین بحران پر حکومت سندھ کو تین روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر تین دن کے اندر کراچی میں پانی کی فراہمی بحال نہ ہوئی تو جماعت اسلامی شہر بھر میں احتجاجی مظاہروں کا آغاز کرے گی۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کے عوام اس وقت ایسی مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں جن کا ملک کے دیگر حصوں کے لوگ شاید تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار رہے۔ بہت سے لوگ قربانی کے جانوروں کی صفائی اور دیگر ضروری امور انجام دینے کے لیے پانی نہ ہونے پر بے بسی کا شکار تھے۔

سیف الدین ایڈووکیٹ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں جو شہریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کا بحران ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے فوری حل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے حکومت سندھ، واٹر کارپوریشن اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہر میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تین روز کے اندر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو جماعت اسلامی کراچی کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔

جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی میں مسلسل ناکامی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Check Also

کراچی کو بیچا جا رہا ہے،زمینوں پر قبضہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے،سابق میئر کراچی وسیم اختر

سابق میئر کراچی Waseem Akhtar نے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی کے وسائل اور …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *