خاتون کو نازیبا اشارے اور گھر میں گھس کر ہراساں کرنے کا الزام پڑوسی گرفتار

کراچی: شہر قائد کے علاقے جہانگیر آباد میں خاتون کو مبینہ طور پر نازیبا اشارے کرنے، گالم گلوچ اور گھر میں داخل ہو کر ہراساں کرنے کے الزام میں رضویہ سوسائٹی پولیس نے خاتون کے پڑوسی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ 30 مئی کی دوپہر پیش آیا تھا، جبکہ اس دوران بنائی گئی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ملزم کو مبینہ طور پر اپنے گھر کی کھڑکی سے خاتون کی جانب نازیبا اشارے کرتے دیکھا گیا۔

مدعیہ ارم کی شکایت پر رضویہ سوسائٹی تھانے میں مقدمہ نمبر 211/2026 تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 354، 509، 427، 506 اور 504 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ بعد ازاں مقدمہ مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

خاتون کے مطابق ملزم اس کا پڑوسی ہے اور واقعے کے روز وہ اپنے گھر کی کھڑکی سے نازیبا اشارے اور گالم گلوچ کر رہا تھا۔ مدعیہ کا الزام ہے کہ بعد میں ملزم ان کے گھر کے دروازے پر آیا، لاتیں مار کر دروازہ توڑا، گھر میں داخل ہوا اور اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

دوسری جانب گرفتار ملزم زبیر احمد کا ایک ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ واقعے سے قبل بچوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور دونوں جانب سے تلخ کلامی ہوئی۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ اس سے بداخلاقی اور نازیبا اشارے ہوئے، جس پر وہ شرمندہ ہے اور متاثرہ خاتون سے معذرت کرتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Check Also

2015 اور 2016 کے آپریشن میں کے ایم سی اور واٹر بورڈ کے بعض ملازمین پر دہشتگردی کے الزامات سامنے آئےسینئر وزیر شرجیل انعام میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *