کراچی میں رہنے والے میڈل کے مستحق ہیں: عائشہ عمر

پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے کراچی میں گزر بسر کرنے اور زندہ رہنے والوں کو میڈل کا مستحق قرار دے دیا۔

برطانوی تحقیقی ادارے ’دی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ‘ (ای آئی یو) نے 2026ء کا ’گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس‘ جاری کر دیا جس کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے معاشی مرکز کراچی کو رہائش کے لیے دنیا کا چوتھا بدترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

عائشہ عمر نے مذکورہ رپورٹ پر مبنی ایک پوسٹ اپنی انسٹا اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے اس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمیں اس پر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔

اداکارہ نے لکھا ہے کہ ہم اس شہر میں زندہ رہنے اور زندگی گزارنے پر تمغوں کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ٹوٹی پھوٹی اور آلودہ سڑکوں پر سفر کرتے ہوئے، گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس کر، گھروں میں گیس اور بجلی کی محدود فراہمی کے ساتھ، ہر وقت ڈکیتی کا خوف دل میں لیے، مسلسل دوڑ دھوپ اور دباؤ کے ماحول میں رہتے ہوئے، سخت محنت کرتے ہیں، تمام ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

عائشہ عمر اس سے قبل بھی پاکستان کو درپیش مختلف سماجی مسائل پر کھل کر اظہارِ خیال کرتی رہی ہیں۔

حال ہی میں وہ بی بی سی کی ایک عالمی خواتین سے متعلق رپورٹ میں بھی شامل تھیں، جہاں انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) تیار کرنے والے اداروں پر زور دیا تھا کہ وہ تصاویر کے ذریعے ہونے والی آن لائن ہراسانی کو زیادہ سنجیدگی سے لیں۔

اداکارہ غیر منافع بخش تنظیم کی خیر سگالی سفیر بھی ہیں، جو پاکستان میں محروم بچوں کو تعلیم کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے۔

اداکاری کے محاذ پر عائشہ عمر حال ہی میں فلم ’میرا لیاری‘ میں نظر آئیں، جس میں جرائم، پاکستانی نوجوانوں کو درپیش مسائل اور غربت جیسے سماجی موضوعات کو بہتر مستقبل کی امید کے پیغام کے ساتھ پیش کیا گیا۔

Check Also

’دھمال 4‘ میں آنجہانی ستیش کوشک کی واپسی نے مداحوں کو چونکا دیا

بالی ووڈ کی مقبول مزاحیہ فرنچائز کی نئی فلم ’دھمال 4‘ سینما گھروں میں ریلیز …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *