کراچی رینجرز کیمپ حملے میں بڑی پیش رفت،مبینہ ماسٹر مائنڈ گرفتار

کراچی میں سندھ رینجرز کے ایک کیمپ پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکام نے حملے کے مبینہ مرکزی منصوبہ ساز قاری بشیر کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کے ہمراہ بتایا کہ 27 جون کو سندھ رینجرز کی ایک تنصیب پر چار مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تین حملہ آور ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں کا مقصد بڑی تعداد میں جانی نقصان پہنچانا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کے مطابق تحقیقات میں حملے کی منصوبہ بندی، دہشت گردوں کی نقل و حرکت، سہولت کاروں کے کردار اور اسلحے کی فراہمی سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں متعدد افراد کی شناخت کی گئی ہے اور مبینہ مرکزی منصوبہ ساز قاری بشیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Check Also

امدادی قیمت وفاق کی ہدایت پر طے کی اس لیے آٹے کا بحران پیدا ہوا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آٹے کی امدادی قیمت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *