بیٹری کی صنعت میں سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ

اسلام آباد: پاکستان میں سولر پینلز کے بعداب بیٹری اسٹوریج سسٹمز کی درآمداور تنصیب میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے، جس کے باعث مقامی سطح پر بیٹری اسمبلی اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات بڑھ گئے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق اس شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے قبل اس کی معاشی اور تکنیکی پائیداری کا جائزہ لیناضروری ہے۔
پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے حوالے سے رپورٹ ہونیوالے اعدادوشمارکے مطابق 2026 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان نے تقریباً 4۔57 گیگا واٹ آور لیتھیم بیٹری کی گنجائش درآمدکی،جس کی مالیت 274 ملین ڈالر رہی۔

متعددصنعتی گروپس نے ملک میں بیٹری اسمبلی کے پلانٹس لگانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے، جبکہ بعض سرمایہ کار مجوزہ حکومتی بیٹری اسٹوریج پالیسی کے منتظر ہیں اورکچھ نے سرمایہ کاری کے فیصلے بھی کرلیے ہیں۔

صنعتی تجزیے کے مطابق لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری سیلزکی تیاری ایک پیچیدہ اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صنعت ہے،جس کیلیے بھاری سرمایہ، خصوصی مشینری،ہنرمند افرادی قوت اور سخت معیارکی نگرانی درکار ہوتی ہے۔

چین اس صنعت میں دنیا بھرمیں 80 فیصدسے زائد پیداواری صلاحیت اور سیل مینوفیکچرنگ کے ساتھ نمایاں برتری رکھتاہے۔

اسکی مربوط سپلائی چین، جدیدٹیکنالوجی اور بڑے پیمانے پر پیداوار دیگر ممالک کیلیے مقابلہ مشکل بناتی ہے۔یورپ کی بڑی صنعتی کمپنیوں کو بھی چینی بیٹری ساز اداروں کامقابلہ کرنے میں مشکلات کاسامنا رہاہے۔

جرمنی اور یورپ کے سرمایہ کاروں کی حمایت یافتہ سویڈش کمپنی نارتھ وولٹ تقریباً 15 ارب ڈالر جمع کرنے کے باوجود پیداواری مسائل، بڑھتے ہوئے اخراجات اور تکنیکی مشکلات کے باعث مارچ 2025 میں دیوالیہ ہوگئی۔

اسی طرح بعض دیگر عالمی کمپنیوں کی بیٹریاں بھی چینی مصنوعات کے مقابلے میں 30 سے 50 فیصد تک مہنگی پڑتی ہیں۔

بھارت میں 2021 میں تقریباً 2۔1 ارب ڈالرکے پروگرام کے تحت 50 گیگا واٹ آور بیٹری مینوفیکچرنگ صلاحیت قائم کرنے کاہدف مقررکیاگیا تھا، تاہم دسمبر 2025 تک صرف ایک گیگا واٹ آور پیداواری صلاحیت نصب ہوسکی تھی۔

اس کی بنیادی وجوہات میں جدیدٹیکنالوجی، تربیت یافتہ افرادی قوت اور مقامی سطح پر بیٹری کے خام مال اور اہم اجزاکی عدم دستیابی شامل ہیں۔

Check Also

1500 روپے کے پرائز بانڈ کی 108ویں قرعہ اندازی،پہلا انعام کس نے جیتا، لسٹ جاری

نیشنل سیونگز نے 1500 روپے کے پرائز بانڈ کی 108ویں قرعہ اندازی کے ابتدائی نتائج …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *