پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کی ملی بھگت سے کراچی کھنڈر بن چکا، ایم کیو ایم پاکستان

کراچی(پبلک پوسٹ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ کراچی آج دنیا کے بڑے شہروں میں نہیں بلکہ کھنڈرات اور کچرے کے ڈھیروں میں شمار ہو رہا ہے، وجہ صاف ہے اور وہ ہے جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کی ملی بھگت۔

اپنے بیان میں ترجمان ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ ایک نے نو ٹاؤنز پر قبضہ جما کر اربوں کے فنڈز ہڑپ کیے، دوسرے نے سترہ برس تک سندھ کے وسائل لوٹ کر کراچی کو اندھیروں اور نالوں کے حوالے کیا، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، جماعتِ اسلامی کو اگر واقعی خدمت عزیز ہوتی تو اربوں کے فنڈز کے باوجود گلیاں آج جوہڑ نہ بنتیں، نالے ابل کر گھروں میں داخل نہ ہوتے، سڑکیں بارش کے چند قطروں میں بہہ نہ جاتیں۔

انہوں ںے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ نام نہاد ٹھیکیدار فوٹو کھنچوانے اور ایم کیو ایم پر کیچڑ اچھالنے کے سوا کچھ نہیں جانتے، ایک سڑک ڈال کر پوری دنیا کو دکھانے والے یہ بتائیں کہ حالیہ بارش میں وہی سڑک کہاں گئی؟ عوام بے وقوف نہیں، سب جانتے ہیں کہ یہ صرف دعووں اور تقریروں کے ماہر ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دورِ اقتدار کو سترہ سال ہو چکے ہیں، بائیس ہزار ارب روپے کے وسائل ہڑپ کرنے کے بعد بھی کراچی کے عوام پانی کے ایک قطرے، بجلی کے ایک یونٹ اور روزگار کے ایک موقع کے لئے ترس رہے ہیں، بارش کے بعد شہر کی حالت قبرستان سے بھی بدتر ہو جاتی ہے بچے اسکول نہ جا سکیں، مریض اسپتال نہ پہنچ سکیں، عورتیں پانی بھرے گھروں میں قید رہیں مگر یہ حکمران طبقہ ایئرکنڈیشنڈ کمروں سے جھوٹے وعدے اور بیانات جاری کرنے میں مصروف ہے۔ یہ ظلم نہیں تو اور کیا ہے؟

ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ کراچی کے عوام کو سبز باغ دکھا کر ان کے ووٹوں کی چوری کرنے والے آج خود عوامی عدالت میں مجرم ہیں، پیپلز پارٹی نے وسائل کھا لیے، جماعتِ اسلامی نے خاموش تماش بینی کی اور دونوں نے مل کر شہر کو کچرے، بدبو اور پانی میں غرق کر دیا یہ شہر روز مرتا ہے اور یہ دونوں جماعتیں روز اس کی لاش پر سیاست کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اب باشعور ہیں وہ جانتے ہیں کہ مگرمچھ کے آنسو بہانے والے یہی اصل قاتل ہیں ایم کیو ایم ہی وہ جماعت ہے جو آج بھی عوام کے درمیان کھڑی ہے، خدمت کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ یہ شہر ہمارا ہے اور ہم ہی اس کی اصل آواز ہیں۔

Check Also

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان کا یو اے ای کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ سہ ملکی سیریز …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *