کراچی میں ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، انسانی سمگلنگ میں ملوث 7 رکنی گینگ گرفتار

کراچی:شہر قائد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کراچی زون نے انسانی سمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 رکنی منظم گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایات پر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے دو روز قبل نارتھ ناظم آباد میں چھاپہ مار کر کارروائی کی جہاں ملزمان نے مختلف ناموں سے دفاتر قائم کر رکھے تھے اور شہریوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹور رہے تھے۔

اِسی طرح ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران سیکڑوں پاکستانی پاسپورٹس، جدید اسلحہ، پولیس کی جعلی وردیاں، لیپ ٹاپس اور دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے، ملزمان ایک کرائے کی عمارت میں باقاعدہ دفتر چلا رہے تھے جہاں سے غیر قانونی سرگرمیاں انجام دی جا رہی تھیں۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان بیرون ملک ملازمت اور ویزوں کے نام پر شہریوں سے فی کس 8 سے 10 لاکھ روپے وصول کرتے تھے، تاہم نہ ویزا فراہم کیا جاتا تھا اور نہ ہی رقم واپس کی جاتی تھی۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا جب متاثرہ افراد ویزا یا اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتے تو گینگ کے ساتھی پولیس کی جعلی وردیاں پہن کر انہیں دھمکاتے اور ہراساں کرتے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ اب تک 52 متاثرہ شہری سامنے آ چکے ہیں، جبکہ مزید متاثرین اور شواہد کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ منظم نیٹ ورک گزشتہ پانچ برس سے انسانی سمگلنگ اور مالی فراڈ میں ملوث تھا۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے نیٹ ورک کے مزید سہولت کاروں کی گرفتاری اور مالی معاملات کی تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کر دیا ہے۔

Check Also

ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات کا کیس:سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *