ایران پر امریکی حملوں نے عالمی منڈی ہلا دی،خام تیل کی قیمت 96 ڈالر تک پہنچ گئی

لندن: ایران پر امریکی حملوں اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ خطے میں جاری تنازع عالمی تیل کی سپلائی کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے باعث قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔

تازہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.93 ڈالر، یعنی تقریباً 2 فیصد اضافے کے بعد 96 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ یہ سطح 8 جون کے بعد برینٹ خام تیل کی بلند ترین قیمت قرار دی جا رہی ہے۔

اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 1.44 ڈالر یا 1.7 فیصد اضافے کے بعد 88.27 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

اس سے قبل گزشتہ کاروباری سیشن میں بھی برینٹ خام تیل کی قیمت 3 ڈالر سے زائد اضافے کے ساتھ 94.07 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی تھی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں بھی تقریباً 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ تیزی کی بنیادی وجہ امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کا نیا سلسلہ اور بحیرۂ احمر میں یمن کے حوثیوں کی جانب سے آئل ٹینکروں پر حملے ہیں، جنہوں نے عالمی توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی یا آبنائے ہرمز اور بحیرۂ احمر میں تیل کی ترسیل مزید متاثر ہوئی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

سرمایہ کار اس وقت مشرق وسطیٰ کی صورتحال، امریکی پالیسی، ایران کے ممکنہ ردعمل اور عالمی سپلائی چین پر پڑنے والے اثرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ یہی عوامل آنے والے دنوں میں تیل کی قیمتوں کا رخ متعین کریں گے۔

Check Also

کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی،شہریوں کے ہوش اڑ گئے

کراچی میں سبزی فروشوں نے ٹماٹر کی قیمت کو پر لگا دیے، قیمت سن کر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *