صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاکستان کے پہلے نشان حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کو خراج عقیدت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر) کے 78 ویں یوم شہادت پر اُنہیں پوری قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادی کشمیر کی پہلی جنگ 27 جولائی 1948 کے دوران دشمن کا مثالی دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید وہ پہلے پاکستانی ہیں جن کو مادر وطن کی خاطر قربانی کے اعزاز میں نشان حیدر سے نوازا گیا، انہوں نے محاذ جنگ پر فرض شناسی، شجاعت، بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت ہمارا فخر اور پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں، انکی لازوال قربانی آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کیپٹن محمد سرور شہید کی 78 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادیٔ کشمیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض، شجاعت اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔

صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید نے قومی تاریخ میں ایسا باب رقم کیا جسے آنے والی نسلیں ہمیشہ احترام اور فخر کے ساتھ یاد کرتی رہیں گی، پاکستان کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

Check Also

وزارت پٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے۔

اسلام آباد: وزارت پٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے۔ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *