اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں کون سی کتب فراہم کی گئی ہیں، اس حوالے سے رپورٹ سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں کتابیں فراہم کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے رپورٹ میں بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 8 کتابیں جیل حکام کو موصول ہوئی تھیں اور بانی پی ٹی آئی کو یہ کتابیں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر آٹھوں کتابیں جیل میں انہیں فراہم کردی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 8 میں سے 4 کتابیں یہ کہہ کر واپس کردیں کہ وہ پہلے ہی انہیں پڑھ چکے ہیں۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو فراہم کی گئی کتابوں میں ’’اسلام میں مذہبی فکر کی تشکیل نو‘‘، ’’نماز، سنت کے مطابق‘‘ اور ’’سلطان صلاح الدین ایوبی‘‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ’’حضرت محمد ﷺ کے بارے میں غلط بیانی‘‘ اور ’’نئی مملکت، نئی ریاست‘‘ بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ’’اقبال اور مشرق کے ادوار‘‘، ’’اسلام میں فن اور سائنس سولائزیشن‘‘ اور ’’حضرت محمد ﷺ بطور ملٹری لیڈر اور کمانڈر‘‘ نامی کتابیں بھی بانی پی ٹی آئی کو فراہم کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے چار کتابیں اپنے پاس رکھ لیں، جن میں ’’نئی ریاست‘‘، ’’اقبال اور مشرق کے ادوار‘‘، ’’اسلام میں فن اور سائنس‘‘ اور ’’حضرت محمد ﷺ بطور ملٹری لیڈر اور کمانڈر‘‘ شامل ہیں۔
THE PUBLIC POST