جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال، کاروباری مراکز بند، کراچی میں نامعلوم افراد کا جلاؤ گھیراؤ

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات اور لیوی ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ کراچی میں نامعلوم افراد کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔
کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم افراد نے جلاو گھیراو شروع کیا، نامعلوم افراد نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور ٹائر نذر آتش کیے، نامعلوم افراد نے دو موٹر سائیکلیں بھی نذر آتش کیں۔

موسمیات، صفورا چورنگی اور اطراف میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے کاروبار بند کروا دیا گیا، صبح سویرے کھلنے والی دکانیں اور پیٹرول پمپس بند کروائے گئے۔

ادھر، کراچی بار ایسوسی ایشن نے بھی جماعت اسلامی اور تاجروں کی اعلان کردہ ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

کراچی بار کے مطابق کراچی بار کے تحت سندھ ہائی کورٹ سے پریس کلب تک مہنگائی کی خلاف پرامن ریلی نکالی جائے گی، ہڑتال اور پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی سے وکلاء اور سائلین کو سٹی کورٹ پہنچنے میں دشواری ہوسکتی ہے، عدالت سے گزارش ہے کہ وکلا یا سائلین کی عدم حاضری پر کوئی سخت آرڈر جاری نا کیا جائے۔

اسلام آباد

امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر دارالحکومت کے کاروباری و تجارتی مراکز جزوی طور پر بند ہیں، تاجروں نے جماعت اسلامی کے پیٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک کی حمایت کر دی۔

سپر مارکیٹ، آبپارہ، جی ایٹ، جی نائن سمیت مختلف کاروباری مراکز میں زیادہ تر دکانیں بند ہیں۔ شہریوں نے امیر جماعت کی اپیل پر آج اپنے کاروبار بند کر دیے۔

پنجاب

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر ملک گیر ہڑتال کے سبب لاہور میں کوئینز روڈ، عابد مارکیٹ، ہال روڈ، مال روڈ، نسبت روڈ مارکیٹ، فیروزپور روڈ اور برنتھ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔

ہڑتال کے باعث معمولات زندگی متاثر ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ لیوی بھتے کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔

خیبر پختونخوا

ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی پیٹرولیم لیوی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف ہڑتال جاری ہے۔

ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی پیٹرولیم لیوی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف ہڑتال جاری ہے۔

جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پشاور کے اشرف روڈ پر احتجاج کیا جس میں مقامی تاجر بھی شریک ہوئے۔

مظاہرے میں حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی گئی جبکہ مظاہرین نے پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی ٹیکس مسترد کر دیا۔

ضلع دیر کے تمام چھوٹے اور بڑے کاروباری مراکز مکمل بند ہیں جبکہ ہڑتال کے سبب سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تمام سیاسی جماعتوں نے جماعت اسلامی کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ وکلا برادری نے بھی آج بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا دو روز قبل خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہڑتال کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے اور مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت گراؤ تحریک چلائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کراچی کی تمام مارکیٹوں کی تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے، لاہور کے تاجروں نے بھی حمایت کی ہے اور کل تمام مارکیٹیں بند ہوں گی۔ جنوبی پنجاب میں بھی بڑے بڑے احتجاجی کیمپ لگے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی حمایت بڑھ رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہا کہ لیوی بھتہ، بجلی کے فکسڈ چارجز سے ہر کوئی پریشان ہے، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی کی تمام مارکیٹیں بند ہوں گی، ہمارا ذاتی مسئلہ نہیں ہے بلکہ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔

مذاکرات

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات آج منصورہ میں ہوں گے، حکومتی وفد دوپہر کو منصورہ پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کریں گے، جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں ڈپٹی سیکریٹری فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور نوید علی بیگ شامل ہیں۔

حکومت کی جانب سے مذاکراتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور بلال کیانی شامل ہوں گے۔ حکومتی وفد کے ہمراہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود ہوں گے جو مذاکرات کے دوران حکومتی اقدامات اور تجاویز پر بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کے لیے ریلیف پیکج پیش کیے جانے کی صورت میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن بھی حکومتی وفد سے ملاقات کریں گے۔

مذاکرات ظہر کے بعد منصورہ میں ہونے کا امکان ہے۔ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی اور مہنگی بجلی سمیت عوامی مسائل کے خلاف ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرچکی ہے۔

Check Also

ویمن ٹی 20 ایشیا کپ: پاکستان ویمنز ٹیم کا تھائی لینڈ کو شکست دیکر فاتحانہ آغاز

ویمن ٹی 20 ایشیا کپ میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے تھائی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *