وزیراعظم کی پی ٹی آئی سے لانگ مارچختم کرنے کی اپیل، مذاکرات کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے لانگ مارچ ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مذاکرات کی دعوت دے دی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیر چوک توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ بامقصد اور بامعنی مذاکرات کا فیصلہ کیا ہمیں امید تھی کہ بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے مگر بدقسمتی سے یہ کامیاب نہیں ہو سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دھرنوں اورلانگ مارچ کا بھیانک سایہ دوبارہ نمودارہو رہا ہے، ملکی معیشت کو ہم نے بڑی محنت سے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا تھا،انہوں نے سوال اٹھایا کہ ترقی کے پہیے کو دوبارہ جام کرنا کیا ملک دشمنی نہیں ہے؟

شہبازشریف نے پی ٹی آئی سے لانگ مارچ ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہیں مذاکرات کی پیشکش کی اورکہا کہ اگرلانگ مارچ ختم کریں توہم آپ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں،عوام کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

ملکی معیشت میں استحکام آیا،اب گروتھ کا وقت ہے،دھرنوں اور لانگ مارچ سے ملک کانقصان ہوگا۔

اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ایف 9کے سائز کا ایک اور پارک اسلام آباد میں بنائیں گے،زمینوں کے تمام ریکارڈ کو ڈیجیٹل کیا جارہاہے،اسلام آباد آنے والے مہمانوں کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ ایک ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا جس پر ایک ارب45کروڑ48لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ تکمیل سے کشمیر چوک پر ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے اور آخری راؤنڈ 3 اکتوبر کو تقریباً 10 گھنٹے سے زائد چلا لیکن مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ہی ختم ہو گئے تھے۔ دونوں فریقین نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمے دار ایک دوسرے کو قرار دیا۔

حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، طلال چوہدری، طارق فضل چوہدری مذاکراتی ٹیم میں شریک تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی نے کی، اپوزیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر، علامہ ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجا اور عامر ڈوگر شامل تھے۔

Check Also

پاکستان کے دوسرے کامیاب ترین کپتان سلمان آغا کو ٹیم سے کیوں نکالا گیا؟

سلمان علی آغا کا شمار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10 سے زائد میچز میں پاکستان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *