پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لیے مقامی اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے قیام کی حمایت کرے۔
ہمایوں سعید نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی ڈراموں کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی اپنی منفرد شناخت ہے، جس کی بنیاد ان کی کہانیوں، مکالموں اور اردو زبان کے مخصوص انداز پر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے بین الاقوامی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، خصوصاً نیٹ فلکس پر جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ پاکستان کو صرف غیر ملکی پلیٹ فارمز پر انحصار کرنے کے بجائے اپنا او ٹی ٹی پلیٹ فارم قائم کرنا چاہیے، جہاں مقامی فلم سازوں، اداکاروں اور پروڈیوسرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے زیادہ مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی مقامی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نے پہلے جگہ بنائی، جس کے بعد عالمی پلیٹ فارمز کی توجہ حاصل ہوئی۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایسا پلیٹ فارم قائم ہونے سے نئی کہانیوں اور معیاری ڈیجیٹل پروڈکشنز کی تیاری کو فروغ مل سکتا ہے۔
انہوں نے شوبز انڈسٹری میں نئے اداکاروں کو متعارف کروانے میں سوشل میڈیا کے کردار پر بھی بات کی۔
اداکار کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کیے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر مقبولیت کسی اداکار کی حقیقی اداکاری کی صلاحیت کا مکمل معیار نہیں۔
انہوں نے اداکارہ ہانیہ عامر کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ہانیہ کو ڈب اسمیش پر دیکھا تھا، جس کے بعد انہیں ڈرامے میں کام کرنے کا موقع دیا گیا۔
THE PUBLIC POST