برصغیر کے سنیما کی معروف اداکارہ مدھوبالا کی بہن مدھر بھوشن نے دلیپ کمار اور مدھوبالا کی ادھوری محبت کی کہانی سے متعلق برسوں سے گردش کرنے والے دعوے کی تردید کر دی۔
مدھر بھوشن نے حالیہ انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ دلیپ کمار نے مدھوبالا کو دل کی بیماری کے باعث نہیں چھوڑا تھا اور نہ ہی دونوں کی علیحدگی کی وجہ مدھوبالا کی صحت تھی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ مدھوبالا کو دل کا عارضہ محبت کا رشتہ ختم ہونے کے کافی عرصے بعد لاحق ہوا تھا، جب یہ بیماری سامنے آئی تو دلیپ کمار ان کی زندگی میں موجود نہیں تھے۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی ہے جب ماضی میں اداکارہ ممتاز نے ایک انٹرویو کے دوران اشارہ دیا تھا کہ دلیپ کمار نے مدھوبالا کو اس وقت چھوڑ دیا تھا جب انہیں معلوم ہوا کہ دل کی بیماری کے باعث وہ ماں نہیں بن سکتیں۔
مدھر بھوشن نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے اس دعوے کو یکسر مسترد کر دیا۔
دلیپ کمار اور مدھوبالا کی محبت کا آغاز 1951ء میں فلم ’ترانہ‘ کے دوران ہوا تھا، دونوں کی آن اسکرین جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا تھا، جبکہ حقیقی زندگی میں بھی دونوں ایک دوسرے کے قریب آ گئے تھے۔
دلیپ کمار نے اپنی خودنوشت ’دی سبسٹینس اینڈ دی شیڈو‘ میں مدھوبالا کی زندہ دل اور خوش مزاج شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ان کی موجودگی نے زندگی کے ایک مشکل جذباتی دور سے نکلنے میں مدد کی۔
دونوں نے بعد ازاں متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں تاریخی فلم ’مغلِ اعظم‘ بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان 1957ء میں اس وقت علیحدگی ہو گئی تھی جب ’مغلِ اعظم‘ کی شوٹنگ جاری تھی۔
مدھر بھوشن کے مطابق اس علیحدگی کی بنیادی وجہ مدھوبالا کے والد عطاء اللّٰـہ خان کے ساتھ اختلافات تھے۔
دلیپ کمار نے بھی اپنی خودنوشت میں لکھا تھا کہ وہ عطاء اللّٰـہ خان کے اس منصوبے سے متفق نہیں تھے جس کے تحت دونوں کو مرکز بنا کر ایک فلم اسٹوڈیو قائم کیا جانا تھا۔
مدھر بھوشن نے بتایا ہے کہ مدھوبالا کی بیماری کے آغاز کا درست وقت یاد نہیں، تاہم 1954ء میں فلم ’بہت دن ہوئے‘ کی شوٹنگ کے دوران مدھوبالا پہلی مرتبہ بے ہوش ہوئی تھیں اور انہیں خون کی الٹی بھی ہوئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مدھوبالا اور دلیپ کمار نے کبھی شادی نہیں کی، لیکن ممبئی کے علاقے جوہو میں دونوں کی قبریں ایک دوسرے کے انتہائی قریب واقع ہیں۔
مدھر بھوشن کے مطابق دونوں کی قبروں کے درمیان صرف 5 سے 10 میٹر کا فاصلہ ہے۔
THE PUBLIC POST