نومبر تک کراچی میں مزید ڈبل ڈیکر اور ای وی بسیں پہنچ جائیں گی، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا اہم مرکز ہے اور اس کی ترقی پورے پاکستان کی معاشی ترقی سے جڑی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کو ایک جدید شہر بنانے کے لیے تمام ترقیاتی کام مربوط منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھیں، پورٹ قاسم سے ایم نائن موٹروے تک لنک روڈ، ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی سمیت اہم منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ تا قیوم آباد مجوزہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بھی شہر کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے اہم منصوبہ ہے، ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے بندرگاہ، صنعتی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دی جا رہی ہے، ڈبل ڈیکر بسز اور مزید ای وی بسز نومبر میں کراچی پہنچنے والی ہیں، نئے روٹس کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے، ریڈ، یلو، گرین لائن اور اورنج لائن کو مربوط کرنے پر بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری نظام میسر آسکے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شاہراہوں، انڈر پاسز، پلوں اور دیگر اہم مقامات پر ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سڑکوں، پلوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور شہری سہولیات کے منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے، حکومت کا مقصد صرف نئے منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ جاری منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنا اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ہے۔

Check Also

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگا گئی

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ہوئی جب کہ روپے کی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *