اسلام آباد: عمران خان نے چیف جسٹس کے نام خط میں کہا ہے کہ مجھے انصاف دیں، اس سے پہلے کہ تاخیر ہو جائے۔
چیف جسٹس آئینی عدالت، چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس ہائی کورٹ کے نام بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے لکھا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ میں ججز صاحبان سے زیادہ رعایت نہیں مانگ رہا، میری گزارش ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرواتے ہوئے مناسب علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
عمران خان نے خط میں کہا کہ اگر میں زندہ رہا تو صرف اس صورت خود کو بے گناہ ثابت کرسکتا ہوں ۔ مجھے انصاف دیں اس سے پہلے تاخیر ہو جائے۔ 10 نومبر کو میرا بلڈ پریشر 193 تک گیا تھا۔ ڈاکٹر نے مجھے دل کے دورے اور برین ہیمرج کے شدید خطرے کا اندیشہ ظاہر کیا۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی، طبی معائنے اور اہل خانہ سے ملاقات کا حکم تاحال نافذ نہیں ہو سکا۔
بانی پی ٹی آئی نے خط میں کہا کہ میری اہلیہ بشریٰ بی بی کی بینائی شدید خطرے میں ہے۔ ریٹنا الگ ہونے کے باوجود انہیں طبی سہولیات اور مناسب علاج نہیں دیا جا رہا۔ طویل تنہائی کی قید اور جیل قوانین کی خلاف ورزی کے علاوہ پورے سال کے دوران وکلا سے صرف 4 بار ملاقات کی اجازت ملی۔
خط میں طبی سہولیات اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ اپنی آواز دیواروں سے باہر پہنچانے کے لیے یہ خط لکھ رہا ہوں۔ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ 70 سال کی عمر کے بعد میرے خلاف سیاسی انتقام کی بے مثال مہم شروع ہوئی۔
عمران خان نے خط میں کہا کہ 2 سال سے زائد عرصے سے روزانہ 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ نہ اہلخانہ سے ملاقات، نہ وکلا تک رسائی، نہ کتابیں اور نہ ٹیلی ویژن۔ جیل حکام اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی مسلسل منسوخ کر رہے ہیں۔ میرے بیٹوں کو فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے میری ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے خط میں کہا کہ میری اہلیہ کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو مجھے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، اس کے باوجود طبی منتقلی پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
عمران خان نے خط میں مزید کہا کہ القادر اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دی جا رہی ہے۔ میری صحت اور بنیادی حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ میں کسی رعایت کا طلبگار نہیں، صرف عدالتی احکامات پر عملدرآمد چاہتا ہوں۔ مجھے بہت دیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب ہائی کورٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا خط تاحال چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو موصول نہیں ہوا ہے۔
THE PUBLIC POST