’کارکن تیار رہیں‘، جے یو آئی کا حکومت کی جانب سے مولانا فضل کی ’تمام سکیورٹی واپس‘ لینے کا دعویٰ

جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان (جے یو آئی ف) نے حکومت کی جانب سے پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ’تمام سکیورٹی‘ واپس لیے جانے اور ان کی رہائش گاہ کی ’ناکہ بندی‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے ’کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام‘ جاری کیا ہے۔

جے یو آئی کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں ترجمان اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں واقع رہائش گاہوں سے سیکورٹی اہلکاروں کو ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسلم غوری نے سکیورٹی واپس لینے کے فیصلے کو ’بدترین فسطائیت‘ قرار دیتے ہوئے اسے ’ناقابلِ قبول‘ قرارد دیا ہے۔

انہوں ںے مولانا اسعد محمود کی سکیورٹی بھی ’اچانک‘ ختم کیے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت واضح کرے کہ ایسا کس کے حکم پر کیا گیا۔

جے یو آئی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ”مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود پر درجنوں خود کش حملے ہوچکے ہیں“۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ”ایک طرف تھریٹ لیٹر اور دوسری طرف سکیورٹی کی واپسی سے حکومت کیا پیغام دے رہی ہے؟“

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان پر 2007 سے اب تک کم از کم 5 دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں۔ 30 اور 31 مارچ 2011 کو ان پر 2 حملے ہوئے تھے جن میں 12 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی سربراہ کو ’کسی قسم کے نقصان کی ذمہ داری وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی‘ پرعائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ’سلامتی کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ داران کو جواب دہ ہونا پڑے گا‘۔

ترجمان نے حکومت پر ’جے یوآئی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن‘ کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل کے ”پرسنل سیکریٹری مفتی ابرار اور ان کی پوری فیملی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔“

انہوں نے ’رات گئے مفتی ابرار کی گرفتاری کی آڑ میں اسلام آباد میں جگہ جگہ چھاپے‘ مارنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت سے جے یو آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کی وجہ بتانے کا مطالبہ کیا۔

اسلم غوری نے خبردار کیا کہ ”حکمران جو بیج رہے ہیں کل ان کو کاٹنا ہوگا۔“

گھر کی ناکہ بندی کا دعویٰ
پارٹی کی جانب سے قائدین کی سکیورٹی واپس لیے جانے کے دعویٰ کے بعد جے یو آئی رہنما سینیٹر کامران کی جانب سے ’مولانا کے گھر کی ناکہ بندی شروع‘ کیے جانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا۔

انہوں نے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں ’مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے گھیراؤ‘ کو ’تشویش ناک اور ناقابلِ قبول‘ قرار دیتے ہوئے حکومت سے اس ’گھیراؤ پر فوری وضاحت‘ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ”سیاسی قیادت کو دباؤ میں لانے کے ہتھکنڈے جمہوری روایات کے منافی ہیں۔“

کامران مرتضیٰ نے ’وکلاء اور کارکنان‘ کو ’ہوشیار‘ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ”قائدین کے تحفظ کیلئے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔“

Check Also

سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں؛بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے 22دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *