یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملہ کا سلسلہ نہ رک سکا، تازہ کارروائی میں سعودی دارالحکومت ریاض کے مالیاتی ضلع میں واقع پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی عمارت کو نشانہ بنا ڈالا۔
سعودی دارالحکومت ریاض اس سے پہلے بھی متعدد حملوں کا نشانہ بن چکا ہے جن میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مہلک حملہ بھی شامل ہے۔ اس سے قبل میزائل حملے کی کوشش کے دوران گرنے والے ملبے سے دارالحکومت میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ملکیت ایک عمارت کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق معاملے سے واقف 3 افراد نے بتایا کہ ریاض کے مالیاتی ضلع میں حملے کے دوران سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی پی آئی ایف ٹاور عمارت متاثر ہوئی۔
قبل ازیں اتحادی افواج نے بتایا تھا کہ اس نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے میزائل کے خطرے سے نمٹ لیا ہے۔اتحادی افواج کے مطابق ابتدائی جائزے میں میزائل کا ملبہ گرنے کی اطلاعات سامنے آئیں تاہم نقصان کی مکمل تفصیلات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
اتحادی افواج نے مزید بتایا کہ اس نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغے گئے 4 بیلسٹک میزائلوں کوبھی روک کر تباہ کردیا۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس ادارے نے اس سے قبل دارالحکومت کے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کیا تھا تاہم اس وقت خطرے کی نوعیت واضح نہیں کی گئی۔ بعدازاں ادارے نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔
سعودی طیاروں کی صنعاء پر بمباری
حوثی باغیوں کے زیرانتظام خبر رساں ادارے سبا نے آج صبح اطلاع دی کہ سعودی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء پر فضائی حملے کیے ہیں تاہم رپورٹ میں حملوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ان حملوں کے حوالے سے فوری طور پر سعودی حکام یا حوثیوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سعودی عرب اور حوثیوں میں لڑائی کیوں بڑھی؟
سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی میں شدت کی بڑی وجہ بحیرہ احمر کے ساحل پر حوثیوں کی جانب سے اہم اسٹریٹجک علاقوں پر قبضہ اور باب المندب آبنائے کی جانب پیش قدمی بتائی گئی ہے۔
باب المندب عالمی بحری تجارت کا اہم راستہ ہے جہاں سے خلیجی تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تیل بردار جہازوں کی آمدورفت کے لیے اہم سمندری راستہ گزرتا ہے۔
دونوں فریقوں کے درمیان تازہ لڑائی نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2022 میں ہونے والی جنگ بندی کو بھی ختم کردیا ہے۔ اس جنگ بندی کے بعد سعودی قیادت میں قائم اتحاد اور حوثیوں کے درمیان حملوں میں بڑی حد تک کمی آگئی تھی۔
حوثی باغیوں نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی وسیع تر جنگ کے دوران سعودی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل تنصیبات پر حملوں میں اضافہ کیا ہے جبکہ سعودی عرب نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کی ہیں۔
THE PUBLIC POST